مسلم ہینڈز اور وزیرآباد کی صحافی برادری کے درمیان مضبوط تعلقات باہمی احترام اور خیرسگالی کی بہترین مثال ہیں

Spread the love

وزیرآباد(نا مہ نگار) سیاسی وسماجی شخصیت انجنیئر نعیم قیصر نجمی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز اور وزیرآباد کی صحافی برادری کے درمیان مضبوط تعلقات باہمی احترام اور خیرسگالی کی بہترین مثال ہیں، حال ہی میں مسلم ہینڈز نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں وزیرآباد پریس کلب کے اعزاز میں چیئرمین مسلم ہینڈز انٹر نیشنل صاحبزادہ سید لخت حسنین شاہ اور کنٹری مینجر صاحبزادہ سید ضیاء النور کی طرف سے ایک پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ جو صحافتی برادری کے ساتھ محبت اور قدر دانی کا ایک خوبصورت اظہار تھا ایسی تقریبات ایک سالانہ روایت بن چکی ہیں جس میں مسلم ہینڈز ضلع وزیرآباد کے صحافیوں کی خدمات کا اعتراف اورخراج تحسین پیش کیا جاتا ہے اور یہ لمحے صحافی برادری کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے جگہ بنا لیتے ہیں۔مسلم ہینڈز اور وزیرآباد پریس کلب کے درمیان اس مضبوط تعلق سے باہمی احترام اور تعاون کی عکاسی ہوتی ہے، مسلم ہینڈز، جو انسانی خدمت کے میدان میں عالمی سطح پر جانا جاتا ہے، اس بات کا ادراک رکھتا ہے کہ میڈیا معاشروں کی تشکیل میں کس قدر اہم کردار ادا کرتا ہے، خاص طور پر حقائق، آگاہی اور سچائی کو اجاگر کرنے میں ان کا ایک مؤثر کردار ہے، دوسری طرف، صحافتی برادری بھی ان کی کاوشوں کو سراہتی ہے اور ان کی قدردانی کو دل کی گہرائیوں سے تسلیم کرتی ہے، کیونکہ اکثر اوقات ان کی خدمات عام لوگوں کی نظروں سے اوجھل رہتی ہیں۔یہاں میں افتخار بٹ صدر پریس کلب وزیرآباد، نجیب اللہ ملک چیئرمین سوہدرہ پریس کلب اور صابر بٹ سرپرست وزیرآباد پریس کلب کا ذکر خاص طور پر کروں گا جن کی قیادت نے پیشہ ورانہ دیانتداری اور اخلاقی صحافت کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی محنت اور لگن کے سبب مقامی صحافت کی آواز نہ صرف علاقے میں بلکہ قومی سطح پر بھی سنی جاتی ہے۔وزیرآباد کو اکثر ‘صحافت کی سرزمین کہا جاتا ہے اور پاکستان کی صحافتی تاریخ میں اس کا اہم مقام ہے۔ یہ شہر بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان کی جائے پیدائش ہے، جن کی خدمات نے صحافت کے میدان میں گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ مولانا ظفر علی خان کے علاوہ، اس علاقے نے کئی نامور صحافیوں کو جنم دیا ہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کے ذریعے میڈیا کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔مسلم ہینڈز اور وزیرآباد کی صحافی برادری کے درمیان یہ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ اقدار کی ایک شاندار مثال ہیں۔ یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح میڈیا اور انسانی خدمت کے ادارے مل کر معاشرتی بھلائی کو فروغ دے سکتے ہیں، اور ساتھ ہی اس خطے کے صحافتی ورثے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کرتا آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں