جامعہ علوم اثریہ کے دو روزہ(22ویں) سالانہ فری آئی کیمپ کے پہلے روز مریضوں کا رش

Spread the love

پہلے روز مریضوں کا تاننا بندھا رہا، اس کیمپ میں ہزاروں مریضوں کا چیک اپ اور سینکڑوں مریضوں کے آپریشن ہوں گے۔
جہلم ( محمد زاہد خورشید ) اسلام صرف عبادات ہی کا مذہب نہیں، بلکہ یہ کامل دین ہے، جس میں عبادات کے ساتھ بنی نوع انسان کی سماجی خدمت پر بھی بہت زور دیا گیا، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامرنے جامعہ علوم اثریہ میں 22ویں سالانہ فری آئی کیمپ کی افتتاحی تقریب میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزید انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہم نے جہاں دینی علوم کی ترویج و اشاعت اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے بین الاقوامی ادارہ ”جامعہ علوم اثریہ“ قائم کر رکھا ہے، وہیں یہاں سے ہر سال ہزاروں کی تعداد میں طلبا و طالبات دینی و دنیوی تعلیم اور جدید علوم سے بہرہ مند ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم نے عوام الناس کی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔امسال ”مرکز الملک سلمان للاغاثۃ“ اور ”الابراہیم آئی ہسپتال“ کے تعاون سے جامعہ علوم اثریہ میں سالانہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کرتے ہیں۔

اس موقع پر مدیر الجامعہ حافظ احمد حقیق اور نائب مدیر الجامعہ حافظ عبدالغفور مدنی کے علاوہ حافظ عمر عبدالحمید،مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی،حاجی ملک محمد اقبال، ڈاکٹر شاہد تنویر جنجوعہ، ارشد محمود زرگر،سیٹھی محمد ارشد،مرزا زاہد افضل اور عامر سلیم علوی کے علاوہ دیگر کئی معززین بھی موجود تھے۔ نگران کیمپ حافظ احمد حقیق اور حافظ عبدالغفور مدنی نے اپنے بیانات میں کیمپ کے بارے میں عوام الناس کو آگاہی دی۔
مہمانان خصوصی چوہدری ندیم خادم سابق ایم پی اے جہلم اور ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب حافظ محمد یونس آزاد نے اسے خدمت خلق کا عظیم عملی نمونہ قرار دیا اور انتظامات کے حوالے سے تعریفی کلمات کہے۔
حافظ عبدالحمید عامر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال بین الاقوامی ڈاکٹروں کی ٹیم یہاں ہزاروں مریضوں کا فری چیک اپ کرتے ہیں۔ مریضوں کو عینکیں اور دوائیں مفت فراہم کی جاتی ہیں اور آپریشن والے مریضوں کا مفت آپریشن کیا جاتا ہے۔ الحمد للہ آج تک کیے گئے تمام آپریشن کامیاب رہے۔ تمام مریضوں کی آنکھوں میں آئی او ایل لینز بھی فری ڈالے جاتے ہیں۔ مریضوں اور لواحقین کے لیے رہائش اور کھانے کا بھی فری انتظام کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر حافظ عبدالحمید عامر نے مخیر حضرات کے عملی اور مالی تعاون کاشکریہ ادا کیا۔ کیمپ کی افتتاحی تقریب میں البصرانٹرنیشنل ہسپتال کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر ڈاکٹر محمد شارق، کیمپ مینجرڈاکٹر فخر الدین،ڈاکٹر علی آفتاب،ڈاکٹر ارشاد علی، ڈاکٹر شعیب احمد شیخ اور ڈاکٹر شجاع حسین موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں