گلگت (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پرائس کنٹرول گلگت امیر تیمور نے کہا کہ گلگت میونسپل حدود میں گرانفروشی روکنے اورخودساختہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تاجر تنظیموں کا تعاون ضروری ہے پرائس کنٹرول کمیٹی شہر میں اشیائے خورد نوش کے قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کو روکنے میں بڑی مدد گار ثابت ہورہی ہے کمیٹی میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز جس میں، ہول سیلرز، ڈسٹری بیوٹرز، کریانہ مرچنٹس، تھوک، پرچون، پراچہ حضرات، سیکٹر مجسٹریٹس، میونسپل انسپکشن ٹیمیں شامل ہیں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز تاجر تنظیموں، بازار کمیٹی، ہول سیلرز ایسوسی ایشن، کریانہ مرچنٹ، تھوگ و پرچون دکانداروں، نمبرداروں پر مشتمل پرائس کنٹرول کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی اجلاس میں طے ہوتا ہے کہ کونسی چیز اور اشیائے کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جائے ، اور زائد نافع خوری پر سخت کاروائی کی جائے،انہوں نے کہا کہ تاجر حضرات ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، زائد المعیاد، جعلی، غیر معیاری اشیائے کے خرید وفروخت کے مرتکب تاجروں کیخلاف کریک ڈاون کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی امیرتیمور نے مزید کہاکہ سرکاری نرخنامہ جاری ہونے کے بعد عملدرآمد نہ کرنے والے دکانداروں، ہول سیلرز، ڈسٹری بیوٹرز، تھوک و پرچون دکانداروں، سبزی و پھل منڈی مالکان کے خلاف پرائس ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے گی اس سے قبل اسسٹنٹ سیکریٹری برائے پرائس کنٹرول کمیٹی سیف الملوک نے شہر میں خرید و فروخت ہونے والے اشیائے خورد نوش کے تازہ ترین جائزہ پیش کیا ، اسسٹنٹ کمشنر و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی امیر تیمور نے جائزہ رپورٹ میں ضروری ترامیم کے بعد مشترکہ رائے سے نظر ثانی نرخنامہ کی منطور ی دیدی۔ جس پر عملدرآمد نوٹیفکیشن کے فوری بعد نافذ العمل ہوگا، اجلاس میں تحصیلدارہیڈ کوآرٹر مختار احمد، تحصیلدار عاطف اللہ خان، تاجرتنظموں کے نمائندگان، محمد عامر، مسعود الرحمن، عبدالغنی، غلام حسین ، نمبر دار حیدر شاہ، عزیز الرحمن، نائب تحصیلداروں ذوالفقار علی، محمد ابراہیم، سیکٹر مجسٹریٹس، محمد عباس، اختر حسین، ودیگر آفیسران شریک ہوئے، اجلاس کے آخر میں اسسٹنٹ کمشنر گلگت نے اجلاس میں شریک تمام شرکاء کا شکریہ اداکیا.
