جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر،گلیوں میں کھڑے گندے پانی کے جوہڑ مچھروں کی افزائش میں غیر معمولی اضافہ، گندگی شہر کی پہنچان بن گئی، میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن، بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ لاحق، شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کی نااہلی کیوجہ سے شہرکے گلی محلوں میں گندگی کے ٹیلے لگ گئے، گندگی کے ٹیلوں کی وجہ سے شہری موذی امراض سمیت سانس و دمہ کی بیماریوں میں مبتلا ہو نے لگے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیرگلی محلوں کی سڑکوں پر گٹروں کا پانی جمع ہونے کیوجہ سے شہریوں کو مشکلات اور نمازیوں کو آمدوفت میں مشکلات کا باعث بن رہا ہے، میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینٹیشن برانچ کے ناقص انتظامات شہریوں کے مسائل میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نے اپنی آئینی ذمہ داریوں سے منہ موڑ تے ہوئے خاکروبوں کو اپنے اور سیاست دانوں کے ڈیروں کی ذمہ داریاں سونپ رکھی ہیں جس کیوجہ سے شہری علاقوں کے گلی محلوں گندگی کے ڈھیروں کی منظر کشی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا سیوریج سسٹم محکمہ پبلک ہیلتھ اور میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کی نااہلی اورعدم دلچسپی کیوجہ سے ناکارہ ہوکر رہ گیاہے،گلیوں میں جمع ہونے والے گندے پانی سے اٹھنے والے تعفن سے بچوں، بڑوں اور نوجوانوں میں مہلک امراض پھیلنے کا اندیشہ لاحق ہو چکا ہے،شہریوں نے و زیرا علیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی کے عملے کو شہر کی صفائی ستھرائی کرنے کا پابند بنایا جائے اور شہر میں لگنے والے گندگی کے ٹیلوں کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہری مہلک امراض سے محفوظ رہ سکیں۔
