جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں جل بگولے کے مناظر دیکھ کر لوگ پریشان، بادلوں سے ایک لہر کو نیچے پانی تک آتا دیکھ کر لوگوں حیران ہوگئے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں گذشتہ روز گوٹھ احمد میاں سومرو میں اچانک بادلوں سے ایک جل بگولے کو نیچے موجود سیلاب کے پانی تک دیکھا گیا جو کافی دیر تک موجود رہا ایسا عجیب منظر دیکھ کر وہاں موجود لوگ حیران و پریشان ہوگئے اور وہاں موجود لوگ کہنے لگے کہ شاید بادل نیچے سے پانی اپنی طرف اٹھا رہا ہے، ایسی ویڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لوگ تعجب کرنے لگے کیوں کہ ایسا منظر لوگوں نے کبھی نہیں دیکھا ہوا تھا۔ جب اس کے متعلق انٹرنیٹ سے مدد لی گئی تو معلوم ہوا کہ اس منظر کو انگریزی میں ”واٹر اسپاؤٹس“ کہتے ہیں اور ماہرین کے مطابق اس میں کوئی پانی اُٹھ اُٹھ کر بادلوں میں نہیں جاتا بلکہ یہ ایک قدرتی امر ہے اور اس قسم کے سسٹم زمین پر بھی بنتے ہیں جن کو ٹورنیڈو کہتے ہیں۔
