چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کا حل الیکشن میں ہی ہے،

Spread the love

جیکب آباد (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کا حل الیکشن میں ہی ہے، مولانا فضل الرحمن جمہوریت پسند سیاستدان ہیں مولانا نے جمہوری تحریکوں میں حصہ لیا ہے وہ کبھی الیکشن کے خلاف نہیں ہوسکتے، فلسطین کا مسئلہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے پیپلز پارٹی فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔ جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت پسند سیاستدان کبھی الیکشن کے خلاف نہیں ہوسکتے کیوں کہ تمام مسائل کا حل الیکشن میں ہی ہے انتخابات ہونگے تو عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملے گا پیپلز پارٹی وقت پر انتخابات چاہتی ہے جمہوری پسند پارٹیوں کو ہمارے مطالبے پر ہمارے ساتھ ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف واپس آرہے ہیں ہم ان کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن ان کی پارٹی کے لوگ پتہ نہیں کہاں غائب ہیں، خواجہ آصف کا بیان نظر آیا ہے اس سے پہلے وہ کہاں تھے خواجہ آصف کی جانب سے نواز شریف کے لیے پریس کانفرنس کی گئی اچھی بات ہے، سب کو کام کرنا چاہیے بات کرنی چاہیے، نواز شریف کے جو وزیر تھے ان کو اب تھوڑی محنت کرنی چاہیے لیکن نواز شریف کی واپسی پر ن لیگ کی وہ تیاری نظر نہیں آرہی ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ جگہ جگہ خوش آمدید خوش آمدید میاں صاحب خوش آمدید کی چاکنگ ہونا چاہے تھی لیکن ایسا نظر نہیں آرہا، انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں یہ پوری مسلم دنیاکا مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر ہو یا مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے بعد ہونے والی تباہی سے عوام مشکلات کا شکار ہیں غربت اور مہنگائی بڑھی ہے اپنی زمین اپنامکان ہمارا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس میں 2.1 ملین سندھ میں گھر تعمیر کرکے متاثرین کو دئیے جائیں گے اور وہ گھر خاتون کے نام پر ہونگے اس گھر کی بدولت وہ لون بھی لے سکیں گے اور خود کفیل بن سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے منصوبے بلوچستان اور دیگر صوبوں میں بھی شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں پنجاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر مانیٹرنگ ٹیم بنائی ہے جو نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے متاثرین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ اب ٹریکٹر پر بھی چڑھ کر ریلی نہیں نکال سکتے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے نگراں حکومت میں ترقیاتی اسکیمیں جاری رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن سے اپیل کرتے ہیں کیوں کہ ترقیاتی منصوبوں سے لوگوں کو روزگار اور سہولت ملے گی، بلاول بھٹو زرداری نے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی عوام و صحافیوں کو ویزے جاری نہ کرنے پر کہا کہ بھارت کو پتہ نہیں کس چیز کا خوف ہے عوام کو کرکٹ کی تفریح سے بھی محروم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے جوکہ غلط ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو الیکشن میں کسی سے اتحاد کرنے کی ضرورت نہیں ہمارے امیدوار خود الیکشن لڑ سکتے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف سے تب تک اتحاد نہیں ہوگا جب تک 9مئی سانحہ کے واقعات میں ملوث عناصر کو مائنس نہیں کیا جاتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں