پریس کلب آف پاکستان یوکے کی طرف سے صحافیوں کیلئے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا

Spread the love

پریس کلب آف پاکستان یوکے کی طرف سے صحافیوں کیلئے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس کا عنوان تھا ”خبر کے لوازمات“ ۔ اس ٹریننگ ورکشاپ سے ابتدائی خطاب کرتے ہوئے پریس کلب آف پاکستان یوکے کے صدر چوہدری پرویز مسیح مٹو نے کہا کہ ہم پریس کلب کی حیثیت سے پروفیشنلزم پر یقین رکھتے ہیںاورایسے لوگ جو صحافت کرنا چاہتے ہیں لیکن ٹریننگ نہ ہونے کے باعث ایسا نہیں کرسکتے ’ انہیں ٹریننگ دے کر صحافت کی صنعت میں لایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے اور پرانے صحافیوں کو ٹریننگ دیناکسی بھی صحافتی تنظیم یا پریس کلب کا اولین کام ہے۔ چنانچہ ہم نے اس کام کو کرنے کا نہ صرف بیڑہ اٹھارکھا ہے بلکہ ہماری تنظیم کے آئین میں اس حوالے سے اغراض و مقاصد میں بھی یہ بات بیان کی گئی ہے ۔
ممتاز کمیونٹی راہنما اور پریس کلب آف پاکستان یوکے کے ایڈوائزر نصراللہ خان مغل نے اس موقع پر کہا کہ پریس کلبوں کا اصل کام یہی ہوتا ہے کہ وہ صحافیوں کو ٹریننگ دے کر نہ صرف ان کی تحریری صلاحیتوں کو اجاگر کریں بلکہ انہیں اس قابل بھی بنائیں کہ وہ ٹریننگ کے بعد اعلیٰ روزگار کما سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بہت سے پریس کلب قائم ہیں ۔تاہم کسی بھی پریس کلب کی طرف سے صحافیوں کو پیشہ ور ٹریننگ دینے کے انتظامات بہت کم ہی کئے جاتے ہیں ۔ تاہم جو کئے جاتے ہیں ان کی توصیف ضروری ہے ۔ انہوں نے اس حوالے سے پریس کلب آف پاکستان یوکے کی کاوشوں کو سراہا جو اپنے قیام کے پہلے روز سے ہی صحافیوں کی بہبود کیلئے اقدامات کر رہا ہے ۔جن میں کمیونٹی کیلئے تقاریب ’ پاکستان کے قومی دن منانا’ عیدین ’ کرسمس اور ایسٹر پر مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششیں شامل ہیں ۔ برطانیہ ایک کثیر القومیتی معاشرہ ہے ’ جہاں سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کی کوشش ہوتی ہے کہ مختلف کمیونٹیوں کے درمیان ہم آہنگی قائم رہے ۔ ایسا کر کے پریس کلب آف پاکستان یوکے برطانوی معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششیں کر رہا ہے جو قابل تعریف ہے ۔
اگر نصرا للہ خان مغل اور چوہدری پرویز مسیح مٹو کی باتوں پر غور کیا جائے توان کی باتوں میں وزن ہے کہ پریس کلبوں کا اصل کام تو بالکل یہی ہوتا ہے کہ وہ صحافیوں کی فلاح وبہبود اور ان کے روزگار کے مواقع بہتر بنانے کے منصوبے بنائے ۔ ساتھ ہی کمیونٹی کے ساتھ صحافیو ں کے رابطے کیلئے اقدامات کرے ۔ جیسا کہ قومی دنوں پر سیمیناراور قومی احساس کو اجاگرکرنے کیلئے بین المذاہب ڈائیلاگ پر زور دینا شامل ہے ۔ اس سلسلے میں پریس کلب آف پاکستان یوکے نے اپنی 21سالہ تاریخ میں بہت سے اقدامات کئے ۔جو معذرت سے کوئی برطانوی صحافتی تنظیم نہیں کر سکی ۔ یہ درست ہے کہ اپنے قیام کے ابتدائی چند سالوں میں پریس کلب آف پاکستان یوکے اپنا کردار بہتر طور پر ادا نہیں کرسکا اور اس کا حال بھی دوسری صحافتی تنظیموں کی طرح ہی تھا ۔ مگر 2014 ءمیں پریس کلب کے قیام کے دس سال بعد اس میں انقلابی اقدامات کئے گئے ۔ پریس کلب کے ارکان کی تعداد بھی تانگے کی سواریوں جیسی ہی تھی ۔ تاہم 2014 ءکے بعد پہلی دفعہ محسوس کیا گیا کہ پریس کلب کا کوئی آئین ہی نہیں ہے ۔ راقم نے گو پریس کلب آف پاکستان یوکے کے قیام کا مکمل بلیوپرنٹ اور پلاننگ کی اور تاسیسی اجلاس کی نظامت بھی کی جبکہ اس اجلاس کی صدارت مجید قریشی نے کی۔ اس میں ریاض کھوکھر۔ راجہ خورشید حمید ۔چوہدری محمد یوسف ۔خواجہ وسیم الطاف ۔ صابرہ ناہید چوہدری اوردیگر لوگ شامل تھے ۔ تاہم راقم اپنی مصروفیت کے باعث پریس کلب میں فعال کردار ادا نہ کرسکا ۔ یہ بھی درست ہے کہ راقم کو ایک شخص کے حوالے سے یہ اعتراض بھی تھا کہ وہ پاکستانی نہیں ہے ۔ چنانچہ اسے پاکستانیوں کی کسی تنظیم کو عہدیدار نہیں بنایا جا سکتا البتہ اسے اعزازی رکن بنایا جا سکتا ہے ۔اس پر راقم کا اختلاف پہلے دن سے تھا اور آج بھی قائم ہے۔
تاہم 2016 ءمیں پریس کلب آف پاکستان یوکے کا باقاعدہ آئین بنا اور راقم کو پریس کلب آف پاکستان یوکے کا پہلا صدر بننے کا شرف حاصل ہوا ۔ جس کے بعد اب تک پریس کلب کے تین مزید صدور منتخب ہوچکے ہیں جبکہ چند روز میں راقم کے بعد چوتھا اور پریس کلب کا پانچواں صدر بھی منتخب ہو رہا ہے ۔پریس کلب آف پاکستان یوکے کے تاسیسی اجلاس میں شامل صرف تین ارکان ۔راقم ’راجہ خورشید حمید اور صابرہ ناہید چوہدری ہی فعال کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اس میں پرویز مسیح مٹو ۔ شفیق الزمان ۔ کونسلر مقدسہ بانو ۔ حمیرا ثنائ۔ طلعت گل ۔ پرویز فتح ۔ نعیم واعظ ۔ جاوید عنائت۔ سرفراز تبسم۔ سلامت بریعہ زندانی ۔ ڈاکٹر پرویز بھٹی اور دیگر ارکان کی شمولیت نے اس کے کام کونہ صرف آگے بڑھایا بلکہ اس پریس کلب کی برانچیں مانچسٹر سے باہر بھی قائم کرنے کاکام ہوا ۔ آج لندن ’ لیسٹر اور نیوکاسل میں پریس کلب آف پاکستان یوکے کی باقاعدہ برانچیں قائم ہیں جبکہ بریڈ فور ڈ اور لیڈز میں پریس کلب کی برانچ چند ماہ میں کام کرنا شروع کر دے گی ۔ جس کیلئے لالہ محمد یونس کو کنونئیر مقرر کیاگیا ہے ۔جو اس سلسلے میں کافی محنت کر رہے ہیں ۔
سالوں کے محنت کے بعد آج پریس کلب آف پاکستان یوکے ایک ایسے مقام پر کھڑا ہے جس کے پلیٹ فارم کو صحافیوں بہبودکیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ جس نے نہ صرف برطانیہ کے پہلے اردو اخبار ”مشرق“ کے بانی ایڈیٹر محمودہاشمی کے نام سے ایک ایوارڈ کا انعقاد کیا بلکہ ممتا ز انقلابی شاعر اور دانشور فیض احمد فیض کی کانفرنس بھی کراوئی جس میں برطانیہ بھر سے پاکستانی نژاد اور دیگر ممالک کے دانشوروں نے شرکت کی ۔ یہی نہیں بلکہ پریس کلب آف پاکستان نے مختلف شعراءاور ادیبوں کی کتابوں کی رونمائی بھی کروائی اور یہ کام ابھی تک جاری ہے ً۔علاوہ ازیں پریس کلب آف پاکستان یوکے نے ”ہیٹ کرائمز ورکشاپ“کے انعقاد کے بعد ایک باقاعدہ رپورٹ تیار کر کے اداروں کو بھیجی ۔ پریس کلب نے دنیا بھر کے مظلوموں کی جدوجہد میں ان کی باقاعدہ حمائت کی ۔ جن میں غزہ پر فسلطین کا حملہ اور برصغیر پاک وہند میں جلیانوالہ باغ میں ہونے والی بربریت پر برطانوی حکومت سے معذرت کرنے کے مطالبہ کی حمائت کی ۔ گذشتہ ہفتے راقم کو پریس کلب کے دیگر ارکان طلعت گل اور پرویز فتح کے ہمراہ برطانیہ کے ہاﺅس آف کامنز میں خطاب کرنے کاموقع ملا جس میں پریس کلب کے تمام مقررین نے زور دیا کہ برطانیہ جلیانوالہ باغ کے واقعہ پر غیر مشروط طورپر برصغیر پاک وہند کے لوگوں سے معافی مانگے ۔اس تقریب میں پریس کلب کے دیگر ارکان محمد ضمیر بٹ اور کامریڈ لالہ محمد یونس بھی موجود تھے ۔ماضی میں راقم کو پریس کلب آف پاکستان کے دیگرارکان شفیق الزمان ۔ نعیم واعظ ۔ سہیل حیدر سہوترا۔ سموئیل جیکب کے ہمراہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کواجاگر کرنے کیلئے مختلف مظاہروں اور کانفرنسوں میں شرکت کا موقع ملا جبکہ اس سلسلے میں چند مظاہرے جو جنیوا ’ برسلز ’ فرینکفرٹ’ پیرس اوردیگر یورپی شہروں میں منعقد ہوئے میں بھی پریس کلب آف پاکستان یوکے کی نمائندگی کا شرف حاصل ہوا ۔
ہم پریس کلب آف پاکستان یوکے کے ارکان کو ان اقدامات پر اور خاص طور پر صحافت کی ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کا کام مزید آگے بڑھے گا اور صحافیوں کی ایک تنظیم کی حیثیت سے انہیں مزید سیمینار۔کتابوں کی رونمائی ۔ قومی دنوں کا انعقاد ۔ میٹ دی پریس اور دیگر اقدامات کے ذریعے کمیونٹی کی خدمت کرنے کا موقع ملے گا۔ہم اراکین پریس کلب کے عزم کو بھی سراہتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے لئے بہتر سے بہتر قیادت کے انتخاب کے ذریعے پریس کلب کو مزید فعال بنائیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں