تحریر: محمد شہزاد علی مرزا
منشیات کا استعمال ایک ایسا ناسور بن چکا ہے جو ہماری نوجوان نسل کو آہستہ آہستہ موت کی جانب دھکیل رہا ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں جہاں نوجوان آبادی کا ایک بڑا حصہ ہے، وہاں اس لعنت کے اثرات نہایت خطرناک اور گہرے ہیں۔
میں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال اس مشن کے لیے وقف کیے ہیں کہ ہماری قوم کے نوجوان اس دلدل میں پھنسنے سے بچ سکیں۔ منشیات کے خلاف جدوجہد میرے دل کے سب سے قریب ہے، کیونکہ میں نے اپنی آنکھوں سے نوجوانوں کو برباد ہوتے دیکھا ہے، خاندانوں کو ٹوٹتے دیکھا ہے، اور معاشروں کو اندھیروں میں گرتے دیکھا ہے۔
اسی جذبے کے تحت میں نے پاکستان میں ایک ہسپتال قائم کیا جہاں منشیات کے عادی افراد کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ یہاں پر صرف جسمانی صحت نہیں، بلکہ ذہنی اور روحانی بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ ہم نے صرف علاج ہی نہیں کیا، بلکہ سپورٹس ایونٹس، تعلیمی سیمینارز، اور شعور بیدار کرنے والے مختلف پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کی کوشش کی۔
ہماری قوم کا سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں۔ اگر وہ منشیات کے شکار ہو گئے، تو مستقبل میں ہمارے پاس نہ محنت ہوگی، نہ ہنر، نہ قیادت۔ آج کے اس ترقی یافتہ دور میں جب دنیا آگے بڑھ رہی ہے، ہمارے نوجوان نشے کی لت میں اپنا قیمتی وقت، صحت، عزت اور مستقبل کھو رہے ہیں۔
منشیات سے نجات
منشیات کی گلی میں، جو بھی گیا،
خواب بکھر گئے، راستہ کھو گیا۔
جوانی کی طاقت، امیدوں کا نور،
جل گیا نشے میں، چھپ گیا دور۔
ماں کی دعا تھی، باپ کا پیار،
سب کچھ لٹا کر، وہ رہ گیا خوار۔
دوستوں کی باتوں میں آ کر وہ بچھڑ گیا،
کتنی ہی راتوں میں، رو کر سسک گیا۔
نہ زندگی باقی، نہ خوشبو کا رنگ،
منشیات نے کر دی، ہر سانس تنگ۔
اٹھو اے جوانو! یہ وقت ہے سنبھلنے کا،
اندھیروں سے لڑنے کا، خود کو بدلنے کا۔
قلم پکڑو، کتاب سے رشتہ جوڑو،
کھیل کے میدانوں میں اُمیدیں چھوڑو۔
نشہ نہیں، علم بناؤ ہتھیار،
تب ہی بنے گا پاکستان خوشحال اور باوقار
