جناب سید قمر رضا کا چند دن قبل تیسرا پاور شو لندن میں منعقد ہوا جو ہر لحاظ سے ایک کامیاب شو تھا قبل اس کے شاہ صاحب برسلز اور اسلام آباد میں بھی اپنے کامیاب پروگرام منعقد کروا چکے ھیں ۔ جو لوگ سید قمر رضا کو ایک غیر سیاسی شخصیت سمجھتے رہے ھیں ان کے اندازے غلط ثابت ہوئے ہیں۔ اب شاہ صاحب کے ان پاور شوز کے حاصل حصول پہ بات کرتے ہیں۔ ہمیں شاہ صاحب کی نیک نیتی پہ کوئی شک نہیں کیونکہ کچھ کام اچھی نیت سے کئے جاتے ہیں مگر وہ نتائیج حاصل نہیں کر پاتے جن کے لئے بہت تگ و دو کی ھوتی ہے۔ قمر رضا صاحب کے پہلے شو میں وزیراعظم پاکستان نے پردیسی پاکستانیوں سے جو وعدے کئے وہ بیوروکریسی تک پہنچتے پہنچتے وفات پا گئے۔ جناب شاہ صاحب کو شاید بیوروکریسی کی طاقت کا اندازہ نہیں ہے۔ اوورسیز پاکستانی گزشتہ کئی دہایئوں سے اسی بے حس بیوروکریسی کے جبر کے شکار ہیں .جو حکومت بھی آئی اس نے پردیسی پاکستانیوں سے سینکڑوں وعدے کئے مگر نتائیج صفر کی حد عبور نہ کر سکے۔ سب سے بڑی شکایت اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے ایئرپورٹ سٹاف کی کرپشن ۔من مانیاں اور بدتمیزیاں رھی ہیں جس کا تدارک کوئی حکومت بھی نہیں کر سکی۔ اب نیا عذاب سی بی آر ہمارے گلے میں ڈال دیا گیا ہے۔ ایک کروڑ سے زائد اوورسیز پاکستانی جو ہر مہینے خطیر زرمبادلہ اپنے وطن بھیجتے ہیں ان کے ساتھ پاکستان کے ہر ادارے میں سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ ایئرپورٹ سے لے کر گھر پہنچنے تک ہماری جان حلق میں اٹکی ہوتی ہے کہ نہ جانے کس موڑ پہ کوئی حکومتی ڈاکو لوٹ لے۔ ہماری جان ہماری املاک ہمارے حقوق کا محافظ کون ہے۔ کیا ہم بڑے بڑے عہدے سیاسی رشوت میں لے کر پانچ سال سربراھان مملکت کی خوشنودی حاصل کرنے میں وقف کریں گے۔ قمر شاہ صاحب یقین کریں یہ دور گزرتے ہووئے پتہ بھی نہیں چلے گا اور اسکے بعد آپکے پاس صرف ایک ضمیر بچے گا جو جنجھوڑ جنجھوڑ کر آپ سے سوال کرے گا کہ جب اللہ نے آپکو عزت دی عہدہ دیا لوگوں کے حقوق کا محافظ بنایا تو آپ نے سارا وقت سربراہان مملکت کو خوش کرنے میں ضائیع کر دیا۔ حضور والا آپ ایک کاروباری شخصیت ہیں اور طویل عرصہ سے لندن میں کاروباری دنیا سے رابطے میں ہیں۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ آپ وزیر اعظم کے اعزاز میں ایک کارپوریٹ ڈنر کا اھتمام کرتے اور کاروباری لوگوں سے اپیل کی جاتی کہ ہمارا آدھا ملک اس وقت ڈوبا ہوا ھے سیلاب زدگان اپنی فصلیں اپنے گھروندے اپنے مویشی بھی کھو چکے ہیں۔ اس وقت انھیں ہماری ضرورت ہے لندن میں آپ کے ایک پاور شو پہ جتنا خرچ کیا گیا ہے اس سے کئی بے گھروں کو گھر مل سکتے تھے وزیر اعظم صاحب کی یہ تقریر تو ہم ٹی وی پر بھی سن سکتے تھے۔ شاہ صاحب اب بہت ہو گیا ہے آپ نے حق چیئرمینی ادا کر دیا حضور اب لندن سے نکلیں اور پاکستان جا کر ہمارے حقوق کی پاسداری کریں اوورسیز پاکستانیوں کو احساس محرومی سے نکالیں۔ وزیراعظم اوور سیز پاکستانیوں سے جو وعدے سٹیج پر کرتے ہیں ان وعدوں کی پاسداری کروانا آپکی زمہ داری ہے۔ خدا کے لئے ہمیں بیوروکریسی کے رحم وکرم پر نہ چھوڑیں۔ حضور والا معرکہ حق ہو چکا اب ہما رے فوجی جوان سیلاب میں ڈوبے ہوئے بہن بھائیوں کی دن رات مدد کر رھے ہیں اب ان کے دست وبازو بننے کی ضرورت ہے۔ توقع کرتا ہوں کہ میرے الفاظ جناب کے مزاج پہ گراں نہیں گزریں گے۔ انشااللہ کسی اور خط میں وہ بنیادی مسائل بھی عرض کروں گا جو فوری حل طلب ہیں۔
