انسانی معاشرہ علم کے بغیر اندھیروں میں بھٹکتا ہے

Spread the love

تحریر :ڈاکٹر منصور احمد

ربِّ زِدْنِي عِلْمًا

قال الله تعالیٰ: ﴿وَقُلْ رَبِّ زِدْنِي عِلْمًا﴾ (سورۃ طٰہٰ: 114)

انسانی معاشرہ علم کے بغیر اندھیروں میں بھٹکتا ہے۔ قرآن مجید نے بارہا یہ حقیقت واضح کی ہے کہ اصل فضیلت علم ہی کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے براہِ راست اپنے محبوب نبی حضرت محمد ﷺ کو حکم دیا کہ وہ یہ دعا مانگیں: ’’اے میرے رب! میرے علم میں اضافہ فرما۔‘‘ یہ امر علم کی وہ غیر معمولی اہمیت ظاہر کرتا ہے جس کی مثال قرآن کی کسی اور دعا میں نہیں ملتی۔

اسلام میں علم محض دنیاوی ترقی یا ذاتی کمال کا نام نہیں، بلکہ یہ ہدایت، قربِ الٰہی اور عمل صالح کا سرچشمہ ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے: ﴿قُلْ هَلْ يَسْتَوِي الَّذِينَ يَعْلَمُونَ وَالَّذِينَ لَا يَعْلَمُونَ﴾ (الزمر: 9) یعنی ’’کیا جاننے والے اور نہ جاننے والے برابر ہو سکتے ہیں؟‘‘ یہ سوال دراصل ہر انسان کو یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ جہالت اور علم میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’عالم کو عابد پر وہی فضیلت ہے جو میری تم میں سب سے کم درجے والے پر ہے۔‘‘ (ترمذی)۔ اس حدیثِ مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ محض عبادت سے بڑھ کر علم کی روشنی انسان کو مقام عطا کرتی ہے، کیونکہ علم ہی عبادت کو شعور دیتا ہے اور بندے کو رب کی معرفت تک پہنچاتا ہے۔

تاہم یہ حقیقت بھی پیش نظر رہے کہ علم اپنی ذات میں مقصد نہیں بلکہ ذریعہ ہے۔ نبی کریم ﷺ کی دعا ہمیں یہ سمت عطا کرتی ہے: ’’اے اللہ! میں تجھ سے نافع علم کا سوال کرتا ہوں۔‘‘ (ابن ماجہ)۔ گویا ہر علم فضیلت والا نہیں بلکہ وہی علم انسان کو اللہ کی پہچان، بندوں کی خدمت اور معاشرے کی اصلاح کی طرف لے جائے تو وہ ’’علمِ نافع‘‘ ہے۔ اسی لیے اسلام نے علم کو مقصد کے بجائے ذریعہ بنایا تاکہ انسان اپنے علم کے ذریعے دنیا کو فائدہ اور آخرت میں کامیابی حاصل کرے۔

قرآن حکیم نے علم کے تحفظ اور بقا کے لیے ’’قلم‘‘ کی اہمیت کو نمایاں فرمایا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿نۤ وَالْقَلَمِ وَمَا يَسْطُرُونَ﴾ (القلم: 1)۔ یعنی ’’قسم ہے قلم کی اور اس کی جو وہ لکھتے ہیں۔‘‘ یہ آیت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ علم صرف سینے میں محفوظ رکھنے کے لیے نہیں بلکہ قلم کے ذریعے منتقل کرنے کے لیے ہے تاکہ آنے والی نسلیں اس روشنی سے فیض یاب ہو سکیں۔

نبی کریم ﷺ کی بعثت کا آغاز بھی اس حکم سے ہوا: ’’اقْرَأْ‘‘ (پڑھ)۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام میں قلم کو زبانِ وحی بنایا گیا اور امت کو یہ ذمہ داری دی گئی کہ وہ علم کو تحریر کے ذریعے محفوظ کرے۔ آج بھی دنیا کے بڑے انقلاب اور ترقیات اسی وقت ممکن ہوئیں جب قلم نے علم کو کتابت اور تحریر میں ڈھالا۔

علم وہ روشنی ہے جو دل و دماغ کو وسعت دیتی ہے، کردار کو سنوارتی ہے اور معاشرے میں عدل و خیر کے چراغ روشن کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام نے اہلِ علم کو امت کی قیادت کا مستحق قرار دیا۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے: ﴿يَرْفَعِ اللّٰهُ الَّذِينَ آمَنُوا مِنكُمْ وَالَّذِينَ أُوتُوا الْعِلْمَ دَرَجَاتٍ﴾ (المجادلہ: 11)۔ یعنی اللہ ایمان والوں اور علم والوں کو بلند درجات عطا فرمائے گا۔

آج جب دنیا کی ترقی کا ہر میدان علم پر قائم ہے تو امت مسلمہ کے لیے اس دعا کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں ’’ربِّ زِدْنِي عِلْمًا‘‘ کو محض زبانی دعا نہ رکھیں، بلکہ اس کے تقاضوں کو سمجھیں اور علمِ نافع کے حصول کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں۔ یہی وہ دعا ہے جو ہمیں جہالت کے اندھیروں سے نکال کر دنیا و آخرت کی کامیابی کی راہیں روشن کر سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں