تحریر: چوہدری محمد الطاف شاہد
پاکستان کی سیاست کی سب سے بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ یہاں اصول نہیں، ضرورتیں سیاست کو جنم دیتی ہیں۔ جماعتیں منشور نہیں، حالات کے مطابق بیانیے گھڑتی ہیں۔ اقتدار میں ہوں تو الفاظ اور مؤقف کچھ اور—اور اپوزیشن میں ہوں تو وہی مؤقف اچانک بدل جاتا ہے۔ مگر اس دوغلے پن کا سب سے مستقل مظاہرہ برسوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ہاں نظر آتا ہے۔ جب مفاد ہو تو وفاق کی دہائی، جب فائدہ لینا ہو تو صوبے کا کارڈ، اور جب احتساب کا وقت آئے تو مظلومیت کا نعرہ۔ سوال یہ ہے کہ کیا ایک قومی جماعت اس تضاد کے ساتھ عوام کی امیدوں پر پورا اُتر سکتی ہے؟
پیپلز پارٹی کا سندھ کارڈ اب محض سیاسی حربہ نہیں رہا بلکہ ایک مستقل طرزِ سیاست بن چکا ہے۔ ہر آئینی ترمیم، ہر قانونی بحث، ہر قومی فیصلے پر سندھ کا حوالہ دے کر باقی ملک کو گویا الگ دکھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے ہر صوبے کا شہری ایک ہی قومی پرچم کے سائے میں سانس لیتا ہے، ایک ہی ملک کی محبت سینے میں رکھتا ہے۔
پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سیاسی بنیاد تقریباً ختم ہو چکی ہے۔ اور اگر یہی طرزِ سیاست جاری رہا تو سندھ کے عوام بھی ایک نہ ایک دن سوال اٹھائیں گے کہ آخر ان کے نام پر یہ سیاست کب تک جاری رکھی جائے گی؟ سندھ کے لوگ پاکستان سے وفادار ہیں—اور وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ’’پاکستان کھپے‘‘ قوم کی اجتماعی آواز تھی، کسی ایک جماعت کی میراث نہیں۔
اصل تضاد تب نمایاں ہوتا ہے جب پیپلز پارٹی ایک طرف NFC ایوارڈ میں زیادہ حصہ مانگتے ہوئے صوبائی حقوق کی چیمپئن بن جاتی ہے، اور دوسری طرف آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے سے صاف انکار کر دیتی ہے۔ کیا صوبائی خودمختاری کا مطلب یہ ہے کہ عوام کے اختیارات چھین کر صرف چند افراد کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں؟ کیا سندھ کے عوام مقامی نمائندگی کے اسی حق کے مستحق نہیں جو دیگر صوبوں میں دیا جاتا ہے؟
یہ وہ تضاد ہے جس نے جماعت کی نیت پر سوال کھڑا کیا ہے—کہ اصل مقصد عوام کو طاقت دینا ہے یا طاقت اپنے پاس رکھنا؟
بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات نے اس کشیدگی کو مزید بڑھایا ہے۔ ’’آزادی‘‘ یا اختیارات سے آگے جانے جیسے جملوں نے سیاسی ماحول کو غیر ضروری طور پر اشتعال انگیز بنا دیا ہے۔ ملک پہلے ہی بے شمار بحرانوں سے گزر رہا ہے، ایسے میں قیادت کی زبان میں احتیاط اور ذمہ داری سب سے زیادہ ضروری ہے۔
پیپلز پارٹی اگر واقعی وفاقی جماعت کے طور پر اپنا مقام برقرار رکھنا چاہتی ہے تو اسے سندھ کارڈ، بلیک میلنگ اور دوہرے معیار کی سیاست ترک کرنا ہوگی۔ سندھ کے عوام باشعور ہیں، وہ تقسیم نہیں چاہتے—اختیار کا منصفانہ استعمال چاہتے ہیں۔
پرانے یونان میں ایک بادشاہ تھا جو سمجھتا تھا کہ وہی سب سے عقل مند ہے، اس کے سارے فیصلے ہی عوام کے لیے بہترین ہیں۔ اس نے ہر ادارے کے اختیارات اپنے پاس رکھ لیے، مقامی نمائندوں کی بات سننے سے انکار کیا، اور خود کو ہی قوم کا واحد خیرخواہ سمجھ بیٹھا۔
وقت گزرتا گیا اور مسائل بڑھتے رہے۔ ایک دن دربار میں ایک بوڑھا کسان آیا اور بادشاہ سے کہا:
بادشاہ سلامت دریا پر جو بند آپ نے خود بنایا تھا، وہ کل رات ٹوٹ گیا۔
آپ نے ہماری بات نہیں مانی تھی۔
ہم روز وہاں رہتے ہیں، دریا ہم سے زیادہ کون جانتا ہے؟
اختیار ہمیشہ اُس کے پاس ہونا چاہیے جو مسئلہ اپنی آنکھوں سے دیکھتا ہے۔
بادشاہ خاموش ہو گیا—اور تاریخ نے اُسے ایک ظالم نہیں بلکہ غیر دانا حکمران کے طور پر یاد رکھا… کیونکہ وہ اختیار بانٹنے سے ڈرتا تھا۔
آج پاکستان کی سیاست بھی اسی موڑ پر کھڑی ہے۔
اختیار عوام تک جائے گا یا چند ہاتھوں میں قید رہے گا—قوم فیصلہ سب دیکھ رہی ہے۔
