شہادت: تحریر چوہدری محمد الطاف شاہد
برطانیہ میں آباد پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ ایسے قونصلی نظام کی خواہش مند رہی ہے جو عوامی خدمت، شفافیت اور آسان رسائی کو اپنی ترجیح بنائے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ مانچسٹر قونصلیٹ نے گزشتہ عرصے میں جو عملی اقدامات کیے ہیں، انہوں نے کمیونٹی کے مسائل میں واضح کمی اور سہولیات میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔ قونصلی خدمات کے معیار میں جو مثبت تبدیلیاں آئی ہیں، وہ کمیونٹی کے اعتماد کو مضبوط بنا رہی ہیں اور ایک نئے دور کی شروعات کا اعلان کر رہی ہیں۔
اپائنٹمنٹ سسٹم میں بہتری کے نتیجے میں روزانہ زیادہ شہری اپنے معاملات حل کروا پا رہے ہیں، جبکہ سینئر سٹیزنز اور خصوصی افراد کے لیے بغیر اپائنٹمنٹ فوری سروس نے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں 24/7 سہولت کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ قونصلیٹ پاکستانی کمیونٹی کو صرف سروس نہیں، بلکہ تحفظ اور سہولت فراہم کرنے کے ایک مشن پر کام کر رہا ہے۔
مانچسٹر اور اس کے گرد و نواح کے شہروں — اولڈہم، بری، راچڈیل، بولٹن، بلیک برن اور دیگر علاقوں — میں مسلسل کمیونٹی رابطہ، مسائل سننا اور فوری اقدام اس نئے طرزِ خدمت کی بنیادیں ہیں جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی میں اعتماد اور اطمینان پیدا کیا ہے۔ لوگ پہلی بار یہ محسوس کر رہے ہیں کہ ان کی آواز سنی جا رہی ہے اور ان کے مسائل جلد حل ہو رہے ہیں۔
حالیہ بڑی پیشرفتوں میں ایک اہم اعلان پنجاب کے 37 اضلاع میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے خصوصی اقدام کا نتیجہ ہے۔ ان عدالتوں کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر سننا اور برسوں کی تاخیر کے خاتمے کے لیے مؤثر نظام فراہم کرنا ہے۔ بڑی سہولت یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں مانچسٹر قونصلیٹ کے ذریعے ہی کمیونٹی کے افراد ان عدالتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے بطور گواہ پیش ہو سکیں گے، یوں پاکستان جانے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ قونصلیٹ تمام سہولیات فراہم کرے گا، جس سے سفر، اخراجات اور وقت کی بچت ہوگی۔
اس کے ساتھ ساتھ مستقبل قریب میں ایک اور انقلابی قدم اٹھایا جا رہا ہے: قونصل خانہ رجسٹری آرڈار کا کردار ادا کرے گا جس کے تحت پاکستانی کمیونٹی اپنی جائیداد کی فروخت اور ٹرانسفر کے معاملات بغیر پاور آف اٹارنی براہِ راست مانچسٹر قونصلیٹ میں انجام دے سکے گی۔ یہ سہولت نہ صرف قانونی پیچیدگیوں کو کم کرے گی بلکہ جعلسازی اور قبضہ گروپوں کے دروازے بند کرے گی۔ اوورسیز پاکستانی پہلی بار یہ اطمینان حاصل کریں گے کہ ان کی جائیداد کے معاملات ہزاروں میل دور بیٹھ کر بھی محفوظ، شفاف اور قانونی طریقے سے مکمل ہو سکیں گے۔
یہ تمام اقدامات اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ مانچسٹر قونصلیٹ اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان ایک نئے اعتماد، سہولت اور تعلق کا آغاز ہو چکا ہے۔ خدمات میں بہتری اور عوامی رابطے کے اس نئے دور نے کمیونٹی میں حقیقی آسانیاں پیدا کی ہیں اور مستقبل میں مزید مثبت پیشرفت کی امید بھی بڑھا دی ہے۔
تحریر: چوہدری محمد الطاف شاہد
