ہمارا پیارا سوہدرہ محمودِ غزنوی کا آباد کردہ سو دروازوں کا شہر ہے۔ اگرچہ میرے پیارے سوہدرہ کے وہ سو دروازے اب اپنا نام و نشان مٹا چکے ہیں، مگر اہلِ سوہدرہ کے دلوں کے سو دروازے آج بھی ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس تاریخی شہر کے باسی اپنے دل کے ان دروازوں سے یہاں آنے والے مہمانوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہتے ہیں۔
اس کی مٹی میں کشش ہے اور اس کے پانی میں تاثیر۔ یہی اثر ہے کہ جو کوئی بھی سوہدرہ میں آیا، اس کا اس شہر سے رشتہ جُڑ گیا، اور اس نے اپنی سوہدرہ کی شہریت پر ہمیشہ فخر محسوس کیا۔ میں اپنے پیارے سوہدرہ کو ایک خوبصورت گلدستے سے تشبیہ دیتا ہوں، جس میں ہر برادری کا خوبصورت پھول اپنی آب و تاب، آن بان شان کے ساتھ خوشبوئیں بکھیر رہا ہے۔
اللہ تعالیٰ سے انتہائی عاجزی کے ساتھ دعا ہے کہ یہ گلدستہ اسی طرح اپنی خوشبوئیں بکھیرتا رہے اور اس کی مسحورکن مہک سے اس پورے علاقے کی فضائیں معطر اور ماحول خوشگوار رہے۔
اس دھرتی پر جنم لے کر زندگی کے کسی بھی شعبہ میں جانے والی شخصیات نے اپنے اپنے انداز میں ملک و ملت کی خدمت کر کے سوہدرہ کا نام روشن کیا ہے۔ بحیثیتِ سوہدروی ہمیں ہر وقت اللہ تعالیٰ سے عاجزی وانکساری کے ساتھ شکر گزار ہونا چاہیے کہ اس نے ہمیں تمام موسموں، زرخیز زمینوں اور خوبصورت نہری نظام سے نوازا، جس کی بدولت ہم سارا سال فیض یاب ہوتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے انتہائی عاجزی اور انکساری کے ساتھ دعا ہے کہ اس کے فضل و کرم سے اس دھرتی پر اور ہر جگہ بارانِ رحمت برستی رہے، تمام معزز گھرانے شاد و آباد رہیں، زندگیاں پُرسکون گزرتی رہیں، اور اپنے اپنے شعبۂ ہائے زندگی میں اندرون و بیرونِ ملک جانے والے افراد کامیاب، خوش و خرم زندگی گزارتے رہیں۔ وہ اپنے اہلِ و عیال کے لیے خوشحالی، ترقی اور سکون کا باعث بنیں اور اہلِ سوہدرہ کے لیے باعثِ فخر رہیں۔
سخن وروں کا شہر سوہدرہ،
شاعروں کا شہر سوہدرہ،
ادیبوں اور دانشوروں کا شہر سوہدرہ،
عظیم سماجی خدمت گزاروں کا شہر سوہدرہ،
محنتی اور جفاکش لوگوں کا شہر سوہدرہ،
محققین اور دینی علما کا شہر سوہدرہ،
اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیات کا شہر سوہدرہ،
مخلص دوستوں کا شہر سوہدرہ،
وطنِ عزیز سے محبت کرنے والوں کا شہر سوہدرہ،
کھیلوں میں نام پیدا کرنے والوں کا شہر سوہدرہ،
سینیئر ترین عہدوں پر فائز ہو کر ملک و ملت کی خدمت کرنے والوں کا شہر سوہدرہ،
معزز کاروباری شخصیات کا شہر سوہدرہ۔
میرا شہر سوہدرہ،
اور آپ کا شہر سوہدرہ،
ملک و قوم کی خاطر شہادت کے عظیم منصب پر فائز ہونے والے مجاہدوں کا شہر سوہدرہ۔
آئندہ نسلوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والوں کا شہر سوہدرہ۔
ریٹائرمنٹ کے بعد سوہدرہ کی ترقی اور کامیابی کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والوں کا شہر سوہدرہ۔
Long Live Pakistan
Long Live Sohdra
کالم نگار: ریٹائرڈ ڈپٹی ڈائریکٹر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس اور کنوئنر کارکن تحریک پاکستان ملک عبدالحق سالک میموریل لیٹرری سوسائٹی رضوان الحق ملک
