جہلم (بیورو رپورٹ) جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کی یونین کونسل گولپور کے مکین آج کے جدید اور ترقی یافتہ دور میں بھی پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی نعمت سے محروم ہیں ضلع جہلم کی اس یونین کونسل کی آبادی تقریباً پندرہ ہزار نفوس پر مشتمل ہے، مگر افسوس کہ یہاں کے شہری اور مویشی آج بھی جوہڑوں کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان کی یونین کونسل گولپور میں تقریباً چالیس سال قبل چار دیہاتوں کے لیے واٹر سپلائی لائن بچھائی گئی تھی، جو وقت گزرنے کے ساتھ زنگ آلود ہو کر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ بوسیدہ پائپ لائنوں کے باعث پانی کی فراہمی نہایت محدود ہو گئی ہے اور صورتحال یہ ہے کہ بعض اوقات مہینے میں صرف دو سے تین مرتبہ ہی گھروں تک پانی پہنچ پاتا ہےپانی کی شدید قلت کے باعث مکینوں کو جوہڑوں سے پانی بھر کر گھریلو استعمال کے لیے لانا پڑتا ہے، جو نہ صرف غیر محفوظ ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بجلی میں خرابی آ جائے، ٹرانسفارمر جل جائے یا کوئی فنی مسئلہ پیدا ہو جائے تو پانی کی سپلائی تقریباً مکمل طور پر معطل ہو جاتی ہے، جس سے مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔
اہل علاقہ نے مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ گولپور کے لیے نئی واٹر سپلائی اسکیم کی منظوری دی جائے اور فوری طور پر ٹیوب ویل نصب کیا جائے تاکہ مکینوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صاف پانی کی دستیابی نہ صرف ان کی روزمرہ زندگی کو آسان بنائے گی بلکہ بچوں، بزرگوں اور خواتین کو پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھے گی۔
اہل علاقہ کا مطالبہ ہے کہ ارباب اختیار اس دیرینہ مسئلے پر فوری توجہ دیں تاکہ جدید دور میں بھی بنیادی سہولت سے محروم یہ بستی سکھ کا سانس لے سکے،
