اِنسانیت کی بقاء

Spread the love

شہادت /محمدالطاف شاہد
ایران اورامریکہ کے درمیان تصادم کی بھڑکتی آگ میں دنیا کے متعدد ملک جھلس سکتے ہیں،اگر اس آ تش کوفوری بجھایانہ گیا توپھر تھرڈورلڈ وارکاامکان بڑھ جائے گا لہٰذاء پاکستان،روس اورچائنہ سمیت دنیا کے بااثراورسنجیدہ ملک ثالثی کیلئے اپنا کلیدی کرداراداکریں۔ایران کے ہاتھوں امریکہ اوراسرائیل کی بھرپور دھلائی کے باوجودنام نہاد سپرپاورکی ڈھٹائی ایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔اگرفوری جنگ بندی نہ ہوئی توایران اورامریکہ کے ایک دوسرے کی ایٹمی تنصیبات پر ممکنہ حملے سے عالمی ایٹمی جنگ کے خدشات اورخطرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔دونوں طرف سے انسانوں کی قیمتی جانوں کاضیاع ہورہا ہے۔امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے اسرائیل کے جنوبی شہروں عراد، ڈیمونا اور وسطی مقامات پر کلسٹر وار ہیڈ والے میزائلوں سے حملے کئے ہیں۔ نیوز رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے گذشتہ دنوں اسرائیل کے شہر ڈیمونا پر پانچویں بار میزائل حملے کئے جس کے سبب شہر میں شدید تباہی کی اطلاعات ہیں، اس شہر میں اسرائیل کا جوہری پلانٹ بھی موجود ہے۔ اسی طرح اسرائیل کے جنوبی شہر عراد میں ایرانی حملے کے نتیجہ میں چھ افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو ئے اور متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہر ڈیمونا پر حملہ ایران کے جوہری افزودگی کے مرکز پر اسرائیلی حملے کے ر ی ایکشن میں کیا گیا ہے۔ ڈیمونا اسرائیل کا انتہائی حساس اور سخت سکیورٹی کاحامل شہر ہے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق وہاں کا میزائل ڈیفنس سسٹم بھی ایران کے حملے روکنے میں ناکام رہا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑے اور پیچیدہ وار ہیڈ والے میزائلوں کو روکنا اسرائیل کیلئے دن بدن مزیددشوار ہوتا جا رہا ہے۔ ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز نے حالیہ حملوں میں دوسو اسرائیلی شہریوں کوواصل جہنم کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اسرائیل کی طرف سے ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔ ایران نے گذشتہ روز بغداد ا ئیر پورٹ پر قائم امریکی اڈے کو بھی نشانہ بنایا تاہم اس حملے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہو ئی۔ دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو د ھمکایاہے کہ اگر تہران نے اگلے دوروز کے اندر آبنائے ہرمز کو اوپن نہ کیا تو ہم اس کے پاور پلانٹس پر حملہ کریں گے۔ سوشل میڈیا پر جاری ان کے بیان کے بقول ان کے ساتھ ایران ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہے مگر وہ اب ایسا نہیں کریں گے۔ ہم اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ مشرق وسطیٰ سے اپنی فوج واپس بلانے کا سوچ رہا ہے۔ اس کے برعکس ایرانی فوج کی مرکزی کمانڈ کے ترجمان ابراہم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ ایران مشرق وسطیٰ میں نہ صرف تیل و گیس تنصیبات بلکہ پانی صاف کرنیوالے پلانٹس اور امریکی تیل ریزروائرز انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نظام کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ دوسری جانب ایران کے صدر نے اسلامی اور ہمسایہ ملکوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، ہمارا آپ سے کوئی تنازعہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان اختلافات پیدا کرنا اسرائیل کی سازش ہے۔ اس حوالے سے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بھی اس امر کی وضاحت کی ہے کہ ترکیہ اور عمان پر حملے ایران نے نہیں کئے، یہ اسرائیل کی سازش ہے۔
ایران پر مسلط کردہ امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے باعث آج مشرقِ وسطیٰ بارود کے ڈھیر پر کھڑا نظر آتا ہے جہاں معمولی چنگاری بھی عالمی ایٹمی جنگ کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ ایران کی جانب سے اسرائیل کی ڈیمونا ایٹمی تنصیب کو نشانہ بنانے کے دعویٰ اور اس کے بعد کی شدید کشیدگی نے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو ایک ممکنہ ایٹمی تصادم کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ ایران کے جوابی میزائل حملوں کے نتیجہ میں اسرائیل میں ہونیوالی تباہی اور وہاں کی سیاسی ودفاعی قیادت کی تشویش سے صورتحال کی سنگینی کاپتہ چلتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کو 48 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز کی بندش ختم کرنے کیلئے دھمکانااور دوسری صورت میں ایران کے پاور پلانٹس کو نشانہ بنانے کا عندیہ جلتی پر تیل چھڑکنے والی بات ہے۔ اس کے جواب میں ایران کے دفاعی ترجمان کی جانب سے امریکی اور اسرائیلی اہداف کے ساتھ ساتھ تیل و گیس کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے اعلانات نے خطرات کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ اگر یہ دھمکیاں عملی شکل اختیار کرتی ہیں تو نہ صرف ہمارا خطہ بلکہ عالمی معیشت بھی شدید بحران کا شکار ہو سکتی ہے۔
یہ امر بھی قابل غور ہے کہ ایران کی اعلیٰ مذہبی، سیاسی اور دفاعی قیادت کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اورکسی بھی آزاد ریاست کی داخلی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ کسی بھی ریاست کی قیادت کو ختم کرنے کی سازش درحقیقت عالمی نظام کے بنیادی ڈھانچے کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ اس تناظر میں ایران کا ردعمل، چاہے وہ کتنا ہی سخت کیوں نہ ہو، اس کے نقطہ نظر سے دفاعی حکمت عملی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔تاہم اصل تشویشناک پہلو یہ ہے کہ اس تمام صورتحال میں ایٹمی جنگ کا خطرہ بڑھتا نظر آ رہا ہے۔ اسرائیل کے پاس ایٹمی صلاحیت موجود ہے جبکہ ایران پر بھی جوہری پروگرام کے حوالے سے مسلسل الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔ اگر دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو کسی بھی غلط اندازے یا اشتعال انگیز اقدام کے نتیجہ میں ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال خارج از امکان نہیں رہے گا۔ اس صورت میں اس کے اثرات صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا اس کی زد میں آسکتی ہے۔عالمی قیادت کا کردار اس موقع پر نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل اور دوسرے عالمی ادارے اگر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ر ہے تو ان کی ساکھ بھی راکھ کاڈھیر بن جائے گی۔ فوری جنگ بندی کیلئے سنجیدہ سفارتی اقدامات کاآغاز کیا اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا جائے۔ بدقسمتی سے عالمی طاقتیں خود اس تنازعہ کا حصہ بنتی نظر آ رہی ہیں جس سے غیر جانبدار ثالثی کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔بیشک معاشی پہلو بھی اس بحران کا ایک اہم رخ ہے۔ دنیا پہلے ہی مہنگائی، بنیادی ضروریات کی قلت اور توانائی کے بحران کا شکار ہے۔ اگر آبنائے ہرمز بند ہوتی ہے یا تیل و گیس کی ترسیل متاثر ہوتی ہے تو عالمی معیشت شدید دباؤ میں آجائے گی۔ پاکستان سمیت ترقی پذیرملک اس سے براہ راست متاثر ہوں گے۔ مہنگائی کا طوفان مزید شدت اختیار کرے گا اور عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔
آج بھی جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس کی کوکھ سے نئے مسائل پیداہوتے ہیں۔ بیگناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں، بنیادی ڈھانچے تباہ ہو جاتے ہیں۔ اگر موجودہ کشیدگی ایک بڑی جنگ میں تبدیل ہو گئی تو بھوک، افلاس اور قحط جیسی مشکلات پوری دنیا کو متاثرکر سکتی ہیں۔پاکستان سے ملکوں کیلئے اس صورتحال میں متوازن اور اصولی موقف اپنانا ناگزیر ہے۔ ہمیں چاہیے کہ نہ صرف سفارتی سطح پر امن مشن کی حمایت بلکہ مسلم دنیا کو بھی متحد کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ او آئی سی کو بھی آج فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ اسلامی ملکوں کے درمیان کسی بھی غلط فہمی،تلخی یا تصادم کو روکا جا سکے۔اس سلسلہ میں یہ کہنا بیجا نہ ہوگا کہ موجودہ صورتحال عالمی قیادت کیلئے ایک کڑا امتحان ہے۔ اگر امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں اور ایران کے سخت ردعمل کو بروقت نہ روکا گیا تو دنیا ہولناک اوراندوہناک تباہی کی طرف بڑھ سکتی ہے۔ دوسرے آگ میں جھلس رہے ہیں، مجھے کیا! یہ سوچ انسانوں نہیں جانوروں میں ہوسکتی ہے۔اس آگ کوفوری بجھاناہوگاورنہ شایدکوئی اس کی تپش سے محفوظ نہ رہے۔انسانیت اورامن کی بقاء کیلئے انسان اپنااپنا کرداراداکریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں