مملکت پاکستان کی اصل شناخت: سرکاری اداروں کے بے وردی سپاہی اور پینشنرز

Spread the love

(پینشنز میں فی الفور اضافے کا مطالبہ)

تحریر: ڈاکٹر منصور احمد؛

پیٹرن انچیف پمز ھوسپٹل رئیٹارڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اسلام آباد؛

کسی بھی ملک کی ترقی محض بلند و بالا عمارتوں یا جدید سڑکوں سے نہیں ناپی جاتی، بلکہ اس کی اصل بنیاد وہ مضبوط سرکاری ادارے ہوتے ہیں جو خاموشی سے نظامِ مملکت کو چلائے رکھتے ہیں۔
زمانہء جنگ ہو یا امن، قدرتی آفات (سیلاب ہو یا جان لیوا زلزلہ)آئیں یا کوئ وباء پھوٹ پڑے ،یہ ادارے ریاست کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ وہ بے وردی کے سپاہی ہیں جو کسی نمایاں اعزاز عطا کیۓ جانے کے بِنا، دن رات قوم کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔ بیوروکریسی، مینجمنٹ اور اسٹیبلشمنٹ جیسے ادارے قومی نظم و ضبط کو قائم رکھتے ہیں۔ تعلیمی ادارے اور ریسرچ سینٹرز قوم کی فکری و سائنسی ترقی کی راہیں ہموار کرتے ہیں۔
اِسی طرح صحت کا شعبہ، ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے، اور یہی وہ ستون ہیں جن پر ایک مضبوط قوم کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔
ان اداروں کی کامیابی کا دارومدار محض ڈھانچے پر نہیں بلکہ ان میں کام کرنے والے افراد پر ہوتا ہے۔ اگر ملازمین کو معیاری تعلیم و تربیت، مناسب معاشی خوشحالی، ذہنی سکون اور ریٹائرمنٹ کے بعد باعزت زندگی کی ضمانت حاصل ہو، تو وہ پوری لگن اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ ایک مطمئن اور محفوظ سرکاری ملازم ہی دراصل ایک مؤثر اور فعال ادارے کی بنیاد بنتا ہے، جو ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن رکھتا ہے۔
لیکن بدقسمتی سے گزشتہ دو برسوں میں نئے پنشن قوانین کے نفاذ نے سرکاری ملازمین میں شدید بے چینی اور عدم اعتماد کو جنم دیا ہے۔ پنشن جیسے بنیادی حق پر ضرب لگنے سے نہ صرف ملازمین کا مورال متاثر ہوا ہے بلکہ ان کی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ایسے حالات میں حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ اداروں کی نجکاری کی بجائے ان میں حقیقی اصلاحات متعارف کروائے۔ خاص طور پر پنشن اور بعد از ملازمت زندگی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، تاکہ قابل، ذہین اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد ان اداروں کا حصہ بننے کو ترجیح دیں۔ اگر ان بنیادی مسائل کو نظر انداز کیا گیا تو اداروں کی بہتری ایک خواب ہی رہے گی۔
یاد رکھنا چاہیے کہ یہی سرکاری ادارے ہر بحران میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ حقیقت یہی ہے کہ یہ سرکاری ملازمین ہمارے وہ بے آواز محافظ ہیں، جن کے بغیر ریاست کا پہیہ چل ہی نہیں سکتا۔

پنشنرز کے حقوق اور آنے والا بجٹ
اس پوری تحریر کا مقصد حکومتِ وقت کی توجہ ایک نہایت اہم پہلو کی جانب مبذول کروانا ہے کہ آنے والے بجٹ میں پنشنرز کو بھرپور ریلیف اور مراعات دی جائیں۔ پچھلے بجٹ میں جس طرح پنشنرز کو مہنگائی کے طوفان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، وہ ایک طرح کا معاشی قتل تھا۔ اگر اس مرتبہ بھی یہی روش برقرار رہی تو سرکاری اداروں میں کام کرنے والے افراد کے اندر اپنے مستقبل کے حوالے سے شدید بے یقینی پیدا ہوگی، جو ان کی کارکردگی کو بری طرح متاثر کرے گی اور بالآخر قومی ترقی کی رفتار سست پڑ جائے گی۔
لہٰذا حکومت سے پُر زور گزارش ہے کہ پنشن قوانین کو موجودہ مہنگائی اور ضروریاتِ زندگی کے مطابق فوری طور پر ریوائز کیا جائے اور اس میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے، تاکہ پنشنرز باعزت زندگی گزار سکیں ۔اورحاضر سروس ملازمین بھی یکسوئی اور اعتماد کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ یہی وہ قدم ہے جو اداروں کو مضبوط، افراد کو مطمئن اور ملک کو مستحکم بنا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں