(تحریر: سیدوسیم شاہ بخاری)
پہلے سیاستدان ہی عوام کا خون چوستے تھے، مگر اب لگتا ہے اس فہرست میں بجلی، گیس اور مچھر بھی شامل ہو چکے ہیں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی کمر تو پہلے ہی توڑ رکھی ہے، مگر بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ بندش نے زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ جیسے ہی شام ڈھلتی ہے، بجلی غائب… اور جب کھانے کا وقت آتا ہے تو گیس بھی ساتھ چھوڑ دیتی ہے۔ایسے میں اگر بجلی نہ ہو تو گرمی اور حبس انسان کو بے حال کر دیتے ہیں، اور اوپر سے مچھر اپنی فوج کے ساتھ حملہ آور ہو جاتے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی باقاعدہ شیڈول طے ہوایک وقت میں بجلی غائب، دوسرے وقت میں گیس بند، اور باقی وقت مچھر حاضر!
عوام کی زندگی ایک مسلسل آزمائش بن چکی ہے۔ نہ سکون سے کھانا پکانے کی سہولت، نہ آرام سے سونے کا موقع۔ ہر طرف بے بسی اور پریشانی کا عالم ہے۔یہ صرف طنز نہیں بلکہ ایک کڑوی حقیقت ہے کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مسلسل ناکامی عوام کے اعتماد کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ اگر یہی حالات رہے تو مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں، بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کریں۔کیونکہ عوام کو صرف زندہ رہنے کا نہیں، بلکہ باعزت اور پرسکون زندگی گزارنے کا بھی حق حاصل ہے۔
