جہلم (بلال رضا) تحصیل پنڈ دادنخان میں نور ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام مستحق طالبات میں تعلیمی اشیاء تقسیم کرنے کی باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل پنڈ دادنخان محترمہ عائشہ شفقت، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری عطیہ حمید نے خصوصی شرکت کی۔


تقریب کے دوران 100 طالبات میں اسکول بیگز، یونیفارمز، اسٹیشنری اور جوتے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عائشہ شفقت نے نور ویلفیئر سوسائٹی کی اس کاوش کو سراہا اور اسے بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے نہایت اہم قدم قرار دیا۔
سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بچیوں کی تعلیم ایک مہذب معاشرے کی بنیاد ہے اور یہ روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
سیکریٹری جنرل نور ویلفیئر سوسائٹی فرحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ نے فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے یقین دلایا گیا کہ ضلعی سطح پر ایسے ہر مثبت اقدام کی ہمیشہ بھرپور حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی جائے گی۔
