جہلم (بیورورپورٹ) تھانہ جلالپورشریف پولیس شہریوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام، جبکہ جرائم پیشہ عناصر نے علاقے کو اپنی محفوظ پناہ گاہ بنا لیا ہے۔ شہری طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے ہیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے نوٹس لینے کا مطالبہ،
تفصیلات کے مطابق تھانہ جلالپورشریف کی حدود میں گزشتہ دو سے اڑھائی ماہ کے دوران چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شام ڈھلتے ہی ڈاکو سڑکوں پر سرگرم ہو جاتے ہیں اور شہریوں کی جمع پونجی لوٹ کر با آسانی فرار ہو جاتے ہیں، جبکہ پولیس انہیں گرفتار کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
شہریوں کے مطابق پولیس کی عدم توجہی اور مبینہ غفلت کے باعث جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہو چکے ہیں اور پورا علاقہ ان کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنتا جا رہا ہے۔ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ لوگ خوف و ہراس کے باعث گھروں سے نکلتے ہوئے بھی خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں، جبکہ خواتین، بزرگ اور طلبہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر “مک مکا” کی پالیسی کو ترجیح دی جا رہی ہے، جس کے باعث ملزمان دیدہ دلیری سے وارداتیں کرنے میں مصروف ہیں۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ جلالپورشریف میں فرض شناس، ایماندار اور متحرک ایس ایچ او تعینات کریں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائیں تاکہ علاقے میں امن و امان بحال ہو سکے اور شہری خود کو محفوظ تصور کر سکیں،
جہلم( بیورورپورٹ) جہلم تھانہ ڈومیلی کے علاقہ چنوٹ پنڈوڑی میں گھریلو ناچاقی پرخاوند نے بیوی پر گولیاں برسادیں خاتوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا خاتون کو 3 گولیاں لگیں ملزم عمران واردات کے بعد موقع سے فرار ،ہونے میں کامیاب ہوگیا زرائع سے معلوم ہوا ہےملزم عمران نشے کا عادی ہے اور اکثراوقات بیوی پر تشدد کرتا رہتا تھاملزم کو جلد گرفتار کر لیں گے پولیس،
