ریسکیو 1122 کا پنڈ دادن خان میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موک ایکسرسائز کا انعقاد

Spread the love


جہلم ( بلال رضا )ریسکیو 1122 کا پنڈ دادن خان میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موک ایکسرسائز کا انعقاد۔ تفصیلات کے مطابق ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 پنڈ دادن خان کی جانب سے دریائے جہلم کے کنارے جامع موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر ریسپانس کو یقینی بنانا تھا اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت کی زیر نگرانی ریسکیو انچارج پنڈدادنخان ارشد بلوچ کی معیت میں ریسکیو اہلکاروں، محکمہ صحت اور مقامی انتظامیہ نے دریائے جہلم میں فرضی امدادی کارروائیوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ موک ایکسرسائز کے دوران کشتیوں کے ذریعے پانی میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی مشق کی گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے ڈوبنے والے افراد کو بچانے اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے مختلف مراحل کا بھی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر ریسکیو اہلکاروں نے جدید ریسکیو آلات اور حفاظتی سامان کے استعمال کا عملی جائزہ پیش کیا۔ مشقوں میں ایمرجنسی رسپانس، سرچ اینڈ ریسکیو، انخلا اور متاثرین کی محفوظ منتقلی کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اہلکاروں کو ہنگامی حالات میں فوری کارروائی کے لیے خصوصی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ایسی مشقوں کا مقصد ادارے کی تیاریوں کو مزید بہتر بنانا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
موک ایکسرسائز میں مختلف ریسکیو یونٹس اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء کو سیلابی صورتحال میں درپیش ممکنہ چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔
ریسکیو حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی پانی کے بہاؤ والے علاقوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔
یہ موک ایکسرسائز اس بات کا ثبوت ہے کہ ریسکیو ادارے کسی بھی ممکنہ آفت سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں