حاجی شبیر احمد ساڑھے چھ سال سے خدمتِ انسانیت کا روشن سفر

Spread the love

تحریر: محمد شہزاد علی مرزا

اوپن کچن مانچسٹر کی کامیابی کے پیچھے ایسے مخلص اور بے لوث رضاکاروں کی محنت شامل ہے جو اپنی ذاتی مصروفیات اور آرام کو پسِ پشت ڈال کر انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہیں۔ انہی قابلِ فخر رضاکاروں میں ایک نمایاں نام حاجی شبیر احمد کا ہے۔

حاجی شبیر احمد گزشتہ ساڑھے چھ سال سے اوپن کچن مانچسٹر کے ساتھ مسلسل دن رات خدمتِ انسانیت میں مصروف ہیں۔ ان کی خدمات صرف اوپن کچن تک محدود نہیں بلکہ وہ ان لوگوں تک بھی کھانا پہنچاتے ہیں جو خود کسی وجہ سے کھانے کے لیے باہر نہیں آ سکتے۔

وہ ہوم لیس ہومز (Homeless Homes) میں رہنے والے بے گھر افراد اور ایسے معذور و مجبور افراد کے گھروں تک بھی کھانا پہنچاتے ہیں جو اپنی جسمانی معذوری یا دیگر مشکلات کی وجہ سے خود کھانا حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔

ان کا کام رضاکاروں میں مشکل ترین ذمہ داریوں میں شمار ہوتا ہے، کیونکہ ضرورت مندوں تک کھانا پہنچانے کے لیے وقت، محنت، مستقل مزاجی اور احساسِ ذمہ داری کی ضرورت ہوتی ہے۔ حاجی شبیر احمد یہ تمام ذمہ داریاں نہایت خاموشی، خلوص اور محبت کے ساتھ نبھاتے ہیں۔

ایسے لوگ کسی اعزاز یا شہرت کے محتاج نہیں ہوتے۔ ان کی اصل پہچان وہ دعائیں ہیں جو کسی بھوکے، بے گھر، معذور اور مجبور انسان کے دل سے نکلتی ہیں۔

اوپن کچن مانچسٹر کا مشن “No One Should Sleep Hungry” — کوئی بھوکا نہ سوئے صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایسے ہی رضاکاروں کی عملی جدوجہد کا نام ہے۔

ہم حاجی شبیر احمد کی ساڑھے چھ سالہ مسلسل خدمات کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، ہمت اور مزید خدمتِ انسانیت کی توفیق عطا فرمائے۔

حاجی شبیر احمد جیسے رضاکار ہی اوپن کچن مانچسٹر کا اصل سرمایہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں