بہ تسلیمات ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال ڈویژن 2 دسمبر 2020
ساہیوال( آصف ندیم )کمشنر ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ کہ کسانوں کو معیاری بیج اور کھاد کی فراہمی کے بغیر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن نہیں،محکمہ زراعت کا فیلڈ سٹاف ان دونوں زرعی مداخل کے معیاری ہونے کو ہر صورت یقینی بنائے اور ملاوٹ میں ملوث کسان دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے-چھوٹے کسانوں کے مفادات کا تحفظ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور انہیں ناجائز منافع خوری سے بچانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں- کسانوں کو مختلف اجناس کی نئی اقسام کی فراہمی میں ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا اہم کردار ہے جسے پورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں – انہوں نے یہ بات میز اینڈ ملٹ فارم یوسف والا،کاٹن ریسرچ فارم اور محکمہ زراعت کے دفاتر کے تفصیلی دورے کے دوران کہی جس میں انہوں نے ڈویژنل،ضلعی دفاتر اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا -ڈائریکٹر زراعت محمد فاروق جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر رانا حبیب الرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے – انہوں نے ریسرچ اداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق مختلف فصلوں کے بیجوں کی ورائٹی تیار کریں تاکہ زمیندار زیادہ پیداوار حاصل کرسکیں – بعدازاں کمشنر نادر چٹھہ نے محکمہ زراعت کے تمام دفاتر کا دورہ کیا اور وہاں ٹڈی دل کے خاتمہ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ لی -انہوں نے فصل دوست کیڑوں کی افزائش کے لیے قائم لیبارٹری کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس کے ثمرات چھوٹے کسانوں تک بھی پہنچائے جائیں – انہوں نے ٹڈی دل کے کسی بھی ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل رکھنے کی بھی ہدایت کی- ڈائریکٹر زراعت محمد فاروق جاوید نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے چلائی جانے والی مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ اس وقت ڈویژن کے کسی حصے میں ٹڈی دل کے حملے کا خطرہ نہیں ہے تاہم محکمہ زراعت ایسے کسی بھی ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے