بریڈفورڈ(عارف چودھری ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری، اوورسیز کمیونٹی بالخصوص جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کا بھارتی ظلم و ستم پر شدید احتجاج، عالمی اداروں اور عالمی برادری سے فوری نوٹس لے کر کشمیر میں ظلم و تشدد روکنے کی اپیل، بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چند روز میں 10 سے زائد نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے، بھارتی فورسز مسلسل تشدد و جبر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے پاکستانی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر توجہ نہ دینے کے پر تشویش کا اظہار کیا، تحریک حق خودارادیت کے عہدیداران نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کی محض بیان بازی اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے خلاف علاقائی یا عالمی سطح پر کوئی مؤثر اقدامات نہ اٹھانا لمحہ فکریہ ہے، دنیا بھر میں کشمیری مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں کے حالات پر تشویش کا شکار ہیں لیکن حکومت پاکستان کے کردار پر اوورسیز کمیونٹی کسی طور پر بھی مطمئن نہیں ہے۔ جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمن راجہ نجابت حسین، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، سیکرٹری جنرل محمد اعظم، سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمان خان اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کے بھارتی مذموم اقدام کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جانب بھارت کو مذاکرات کی دعوت دے رہا اور تجارتی معاہدوں کی باز گشت سنائی دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب بھارت کشمیر میں ظلم و ستم میں اصافہ کئیے ہوئے ہے۔ تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم و تشدد کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ظلم و ستم سے روکا جا سکے۔
