جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے بھارتی فورسزکی مسلسل جارحیت پر عالمی اداروں کو فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

Spread the love

بریڈ فورڈ ( عارف چودھری) جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل جارحیت اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے خلاف اقوام متحدہ، یورپین یونین اور دیگر عالمی اداروں کو فوری نوٹس لینے کا مطالبہ، تحریک حق خود ارادیت نے یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کی جانب سے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یورپین یونین کو کشمیر کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینی چاہیے،
جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چند روز میں متعدد نوجوانوں کو شہید کیا گیا، مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں قید افراد کی اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔ کالے قوانین کے تحت نہتے شہریوں سے بدترین غیر انسانی سلوک اور ماورائے آئین رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، مقبوضہ علاقے کی جیلیں پہلے ہی آزادی پسند کشمیریوں سے بھری ہوئی ہیں کیونکہ نریندر مودی کی زیرقیادت فاشسٹ بھارتی حکومت نے 05 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد خواتین سمیت ہزاروں افراد کو گرفتار کرلیا جو مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ چند روز سے اس میں اضافہ ہو گیا ہے، تازہ اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کی 13 جیلوں میں4ہزار2سو12 مرد جبکہ 138 خواتین قید ہیں۔
دنیا بھر کے کشمیری بھارتی ظلم و ستم پر شدید احتجاج کرتے ہیں اور عالمی اداروں اور عالمی برادری سے فوری نوٹس لے کر کشمیر میں ظلم و تشدد روکنے کی اپیل کرتے ہیں، بھارتی فورسز مسلسل تشدد و جبر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمن راجہ نجابت حسین، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، سیکرٹری جنرل محمد اعظم، سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمان خان اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کے بھارتی مذموم اقدام کی شدید مذمت کی۔ تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت دیگر اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم و تشدد کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ظلم و ستم سے روکا جا سکے۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں لیکن عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں