جہلم غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کر دیا

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآزاد)جہلم آئیسکو اربن سب ڈویژن کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ نہ تھم سکا، مختلف علاقوں میں و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، کارروباری افراد سمیت محنت کش لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنے پر مجبور، صارفین نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدیداحتجاج کرتے ہوئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیاہے، تفصیلات کے مطابق آئیسکو اربن سب ڈویژن میں پچھلے اڑھائی ماہ سے لائنوں کی مرمت اور درختوں کی کٹائی کو بنیاد بنا کر صبح 9 بجے سے سہ پہر 2 بجے تک بجلی بند کر دی جاتی ہے، اس کے علاوہ روزانہ مختلف اوقات میں 2 سے اڑھائی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کیوجہ سے کاروباری افراد سمیت گھریلو زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔صارفین کا مزید کہنا ہے کہ بجلی جدید دور کی بنیادی ضرورت ہے، جس کی وجہ سے زندگی و کارروبار کا پہیہ رواں دواں ہے،صارفین پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اوپر سے واپڈا کی انتظامیہ نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے صارفین عذاب میں مبتلا ہیں،صارفین نے وفاقی وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیاہے کہ آئیسکو سرکل جہلم میں ہونے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ محنت کش طبقہ محنت مزدوری کرکے اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پا ل سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں