جہلم سمیت پنجاب بھر میں نئے بلدیاتی ایکٹ 2022 میں تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لیکر ایک متفقہ دستاویز تیارکر لی گئی

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم سمیت پنجاب بھر میں نئے بلدیاتی ایکٹ 2022 میں تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لیکر ایک متفقہ دستاویز تیارکر لی گئی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے دی جانے والی تجاویز شامل کی گئی ہیں، پنجاب کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد اسے پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائیگا،معلوم ہوا ہے کہ میونسپل کمیٹیوں اور ٹاؤن کمیٹیوں کو بحال کیا جارہاہے، جبکہ ڈسٹرکٹ میئر اور ڈپٹی میئر کے لئے ایف اے کی تعلیمی قابلیت کی شرط کو بھی ختم کیا جا رہاہے، ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ویلج اورنیبر ہڈ کونسل کی حلقہ بندیوں کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے اور 22 مارچ تک تمام حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائیگا، معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان رواں سال اپریل اور مئی میں پنجاب کے اندر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حتمی فیصلہ کر چکا ہے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت نے گرین سگنل بھی دیدیا ہے، جبکہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے لئے پنجاب حکومت نے فنڈز بھی مختص کر دیئے ہیں، ضلع جہلم میں بلدیاتی انتخابات پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ (ن)، تحریک لبیک پاکستان، پاکستان مسلم لیگ(ق)، پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، پاکستان عوامی تحریک کے درمیان ہونگے، جبکہ دیگر جماعتیں اور دھڑے انہیں بڑی جماعتوں کیساتھ اپنے امیدوار ایڈجسٹ کرکے انتخابی دنگل میں اتریں گی۔ ضلع جہلم میں ابتدائی جوڑ توڑ شروع ہو چکا ہے اور مختلف جماعتوں کے امیدواروں نے ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے گفت و شنید شروع کررکھی ہے۔سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار شادی بیاہ اور جنازوں میں کثیر تعداد میں نظرآنا شروع ہوچکے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کسی بھی وقت بھی کروائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں