جہلم گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کی تینوں طالبات نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے کالج کا نام روشن کر دیا

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کی تینوں طالبات نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے کالج کا نام روشن کر دیا، کالج کی پرنسپل محترمہ نسرین عارف، کالج کی اساتذہ سمیت کالج انتظامیہ نے طالبات کو مبارک باد پیش کیں، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ میں فن و ثقافت کے فروغ کے لیے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ضلعی سطع کے مقابلوں کا پہلا مرحلہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ٹاہلیانوالہ جہلم میں منعقد ہوا۔ جس میں پہلے مرحلے میں گائیکی، مصوری اور مختصر کہانی نویسی کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں ضلع بھر کے مختلف سکولوں اور کالجز کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ مصوری کے ہونے والے مقابلوں میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین جہلم کی ماجدہ نے پہلی پوزیشن جبکہ تبسم نے دوسری اور ماہا گل نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے کالج کا نام روشن کر دیا، اس موقع پر تقریب سے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2022 فن وثقافت کے فروغ کے لیے حکومت کا ایک بہترین اقدام ہے، اس طرح کی صحت مندانہ سرگرمیاں نوجوان نسل کے لیے بہت ضروی ہیں۔ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے ہماری نوجوان نسل میں موجود قدرتی ٹیلنٹ کو اجاگر کر کے اس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے لے جایا جا رہاہے، نوجوانوں میں اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند بات ہے۔ ڈائریکٹرپنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی وقار احمد نے کہا کہ پنجاب ٹیلنٹ اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام ہے جوپنجاب سمیت پاکستان کا سوفٹ امیج دنیا کے سامنے لیکر آرہا ہے، انھوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہے کیونکہ پاکستان کا مستقبل انہی نوجوانوں سے جڑا ہے۔ مقابلوں کے اختتام پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف اور ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں