مرکز قومی بچت کی پورے ضلع جہلم میں کل 4 برانچز ہیں جو کہ ناکافی ہیں

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم کی شہری سماجی، رفاعی، فلاحی، کارروباری تنظیموں کے عمائدین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مرکز قومی بچت کی پورے ضلع میں کل 4 برانچز ہیں جو کہ ناکافی ہیں، چاروں تحصیلوں کے ریٹائرڈ پنشنرز معمر افراد جن میں خواتین مرد سردیوں، گرمیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دوردراز کے علاقوں سے تحصیل ہیڈ کوارٹر حصول پنشن کے لئے پہنچنا پڑتا ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی بھی شدید قلت ہے، عمائدین نے کہا کہ ضلع بھر میں کل 4 برانچز ہیں جہاں پنشنرز کی سہولت کے لئے نہ تو ایسی محفوظ جگہیں ہیں جہاں وہ بیٹھ کر اپنی باری کا انتظار کر سکیں اور نہ ہی وہاں پر باتھ رومز وغیرہ موجود ہیں کیونکہ بیشتر پنشنرز شوگر سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں طویل دوانیے تک انتظار کے دوران انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے، قابل زکر بات یہ ہے کہ جہاں پر مرکز قومی بچت قائم کئے گئے ہیں وہاں پر پارکنگ کی بھی کوئی سہولت موجود نہیں معمر پنشنرز کے ساتھ موٹر سائیکلوں پر آنے والے افراد کو بزرگ پنشنرز کے ساتھ ساتھ اپنی موٹر سائیکلوں کی بھی رکھوالی کرنی پڑتی ہے جو کہ دشوار گزار عمل ہے، مرکز قومی بچت میں آنے والے تحصیل بھر کے اکاؤنٹس ہولڈرز سارا دن دھکے کھاتے پھرتے ہیں اور اپنی ہی جمع کروائی گئی رقم کے حصول کے لئے جھڑکیاں کھاتے دکھائی دیتے ہیں، گرمی ہو یا سردی ان اکاؤنٹس ہولڈرز کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے،عمائدین نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ پوسٹ آفس کے اندر بنک کا ایک اہلکار تعینات کر دیا جاتا جہاں سے پنشنرز باآسانی پنشن اور سیونگ اکاؤنٹ میں جمع کروائی گئی رقم کا منافع حاصل کر سکتے۔ حکومت نے مضافاتی علاقوں کے پنشنرز اور سیونگ اکاؤنٹس میں رقم جمع کروانے والے افراد کی مشکلات میں کمی کرنے کی بجائے کئی گنا اضافہ کر دیا ہے، حکومت کے اس عمل سے سینکڑوں افراد نے اپنے سیونگ اکاؤنٹس ختم کر دیئے ہیں جبکہ پنشن وصول کرنے والے معمرشہریوں کو بھی ہر ماہ کئی کئی کلو میٹر کا سفر طے کرنے اور مسائل کا سامنا کرنے کے بعد چند ہزار روپے پنشن نصیب ہوتی ہے جو کہ ریٹائرڈ پنشنرز کے ساتھ بہت بڑا مذاق ہے، عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے اگر حکومت ہر پوسٹ آفس میں بنک اہلکار تعینات نہیں کر سکتی تو ہر 10 کلو میٹر کے بعد 1 مرکز قومی بچت کی برانچ کھولی جائے تاکہ معمر پنشنرز اپنی جمع پونجی بنکوں میں محفوظ کرکے منافع ہو پنشن وصول کرکے گھروں کے چولہے جلا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں