پاکستان اور کشمیر ایک جسم کی مانند ہیں،حافظ عبدالحمید عامر

Spread the love

تحریک آزادی کے لیے کشمیریوں کی قربانیوں سے کوئی با ضمیر شخص انکار نہیں کر سکتا۔

جہلم(زاہد خورشید) پاکستان اور کشمیر ایک جسم کی مانند ہیں، ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر اور جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے ایک خطاب میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں آزادی کی بڑی تحریکیں چلی ہیں، لیکن کشمیریوں کی تحریک آزادی کا طویل سفر ان میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ نصف صدی سے زائد عرصہ ہو چکا ہے، نہتے کشمیری بھارتی مظالم کا ہمت و حوصلے سے سامنا کر رہے ہیں۔ خوش آئند بات ہے کہ کچھ عرصہ سے مغرب میں بھی کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے لیے کشمیریوں کی قربانیوں سے کوئی با ضمیر شخص انکار نہیں کر سکتا۔اب دنیا بھر میں بھارت کے ظلم سے پردہ اٹھ رہاہے۔ 5فروری کا دن پاکستان بھر میں یکجہتی کشمیر کے نام سے منایا جاتا ہے اور یہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ کشمیریوں سے ہمارا اسلام کا رشتہ ہے جو کہ دنیا کا سب سے مضبوط اور جذباتی رشتہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر کشمیری بھائیوں کو میں پیغام دیتا ہوں کہ ہم اور آپ ایک جسم کی مانند ہیں۔کشمیری بھائیو! ہر خوشی و غمی میں ہمارے دل آپ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہماری دُعا ہے کہ آپ کی خوبصورت وادی سے بھارتی ظلم کے بادل چھٹ جائیں۔ آزادی جیسی عظیم نعمت اللہ تعالیٰ آپ کے مقدر میں کر دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں