جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے کانفرنسز کے انعقاد کا فیصلہ

Spread the love

بریڈ فورڈ (چودھری عارف پندھیر) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے کانفرنسز کے انعقاد کا فیصلہ، جون میں یوتھ پارلیمنٹیرینز کانفرنس، انٹر نیشنل خواتین کانفرنس اور 13جولائی یوم شہداء کشمیرپر یورپین پارلیمنٹ میں کانفرنسز منعقد کرنے کا اعلان

، تحریک حق خود ارادیت نے مستقبل کی سرگرمیوں کا شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 18جون کوبرطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے اشتراک سے انٹر نیشنل یوتھ پارلیمنٹیرینزکانفرنس منعقد کی جائے گی۔ جون کے اختتام پر لیبر پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن و تحریک حق خود ارادیت برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار انٹر نیشنل وومن کانفرنس کا انعقاد کریں گی۔ 13جولائی یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کے تعاون سے انٹر نیشنل پارلیمنٹری کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اسی اثناء میں جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کا وفد امریکہ اور جنیوا میں اقوام متحدہ کے منعقد ہ اجلاسوں میں لابی مہم کے لئے بھی شریک ہو گا

۔جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین و معروف کشمیری رہنماء راجہ نجابت حسین نے تحریک حق خود ارادیت کی آمدہ سرگرمیوں کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آمدہ ماہ جون اور جولائی میں کشمیر کی تازہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے مسلسل مذموم ہتھکنڈوں کے استعمال، کشمیریوں کو ٹارگٹ کرنے، کالے قوانین کے نفاذ اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر بھرپور مہم کی ضرورت ہے۔ تحریک حق خود ارادیت نے اسی تناظر میں جون کے پہلے ہفتے میں ایک بھرپور اور کامیاب انٹر نیشنل ورچوئل کشمیر ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کو کشمیر کی تازہ صورتحال پر اپنی جانب سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔ جون کے تیسرے ہفتے میں برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ (APPG) کے تعاون سے یوتھ پارلیمنٹیرینز کی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں نوجوان ممبران پارلیمنٹ کو کشمیر میں جاری بھارت کی جانب سے سفاکیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ کشمیر میں جہاں حریت لیڈر، نوجوان اپنی قربانیاں پیش کر رہے ہیں وہیں خواتین کا تحریک میں بنیادی کردار ہے اور خواتین کی قربانیاں کہیں زیادہ ہیں۔ بھارتی فورسز خواتین کو جس ظالمانہ انداز میں ٹارگٹ کر رہی ہیں وہ گذشتہ تیس سالوں میں کئی بار دنیا نے دیکھا ہے۔ تحریک حق خود ارایت برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار دیگر خواتین کونسلر اور خواتین ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر انٹر نیشنل خواتین کانفرنس منعقد کریں گی۔ جولائی کا مہینہ تحریک آزادی کشمیر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 13جولائی کو یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر یورپین پارلیمنٹ فرینڈز آف کشمیر کے تعاون سے انٹر نیشنل کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ یورپ بھر کے ممالک اور اہم شہروں میں کشمیر کے حوالے سے متحرک تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کے تعاون سے کانفرنسز، سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا تا کہ دیگر ممالک سے یورپین پارلیمنٹ کے ممبران کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہ اور ان کی حمایت حاصل کی جا سکے۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کا وفد امریکہ میں اقوام متحدہ کے سالانہ سیشن اور جنیوا میں اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کے اجلاس کے موقع پر بھی شریک ہو گا جہاں لابی مہم کے ذریعے دنیا بھر سے مندوبین، انسانی حقوق کے نمائندوں اور عالمی اداروں سے منسلک شخصیات کی توجہ کشمیر کی صورتحال اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائی جائے گی۔ تحریک حق خود ارادیت کے عہدیداران نے یہ بھی اعادہ کیا کہ 26مارچ کو برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر بحث کا وقت مقرر کیا گیا تھا لیکن کورونا کی وبا کے باعث یہ بحث نہ ہو سکی اب ہماری کوشش ہو گی کہ پارلیمنٹ میں کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے ارکان کے ساتھ مل کر وعدے کے مطابق یہ بحث دوبارہہو سکے۔ 3جون کو منعقد ہونے والی کانفرنس میں ایم پی ڈیبی ابراھم اور ایم پی یاسمین قریشی نے وعدہ بھی کیا تھا کہ کشمیر پر بحث کے حوالے سے پارلیمنٹ میں اپنی کوششیں تیز کی جائیں گی۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے عہدیداران، خواتین اور یوتھ کے ارکان امسال جون، جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینوں نے میں برطانیہ کے مختلف شہروں، ریجنز اور یورپ میں لابی مہم، کانفرنسز، انفرادی و اجتماعی ملاقاتوں کے ذریعے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس سلسلہ میں برطانیہ کی مقامی سیاسی پارٹیوں کی سالانہ کانفرنسوں کے موقع پر بھی لیڈرشپ، ممبران پارلیمنٹ اور پارٹی مندوبین سے ملاقاتیں، ڈنر پروگرام کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو مقامی پارٹیوں کی پالیسیوں میں شامل کرانے کے لئے ماضی کی طرح اس بار بھی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل مسلسل لابی مہم، انفرادی و اجتماعی ملاقاتوں کے ذیعے برطانوی سیاسی پارٹیوں، ممبران پارلیمنٹ، کونسلر ز، انسانی حقوق کے نمائندوں کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کرا کر مسئلہ کشمیر کے لئے ان کی حمایت حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ کورونا کی وبا کے دوران جہاں دنیا بھر میں لاک ڈاؤن اور عالمی ادارے وباء سے نمٹنے کے لئے کوشاں تھے وہیں بھارت کے کشمیر میں جہاں ظلم وستم کو مزید بڑھایا اور کشمیریوں پر مظالم کی انتہاء کی وہیں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے اور کشمیریوں کو ان سے شہریت کا حق چھیننے کے لئے ڈومیسائل کے قوانین کو تبدیل کیا گیا ہے۔ دنیا کی توجہ کورونا کی وبا کے ساتھ ساتھ اب کشمیر کی جانب مبذول کرانے کی ضرورت ہے جس کے لئے سفارتی سطح پر مؤثر، منظم اور متحرک لابی مہم اور کوششوں کی ضرورت ہے۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل اپنی ان سرگرمیوں، ملاقاتوں، اجتماعات کے ذریعے دنیا کی توجہ کشمیر کی طرف مبذول کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں