


مانچسٹر ( رپورٹ صابرہ ناہید مانچسٹر ) نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل طارق وزیر نے اپنا عہدہ سنبھال لیا ۔ یاد رہے کہ طارق وزیر سابقہ قونصل جنرل ایاز وزیر کے قریبی عزیز ہیں۔ سابقہ قونصل جنرل عامر آفتاب جو کہ گذشتہ سال ستمبر میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہو کر پاکستان واپس جا چکے تھے ان کے جانے کے بعد سے اب تک کوئی نئے قونصل جنرل نہیں آ سکے اور اس دوران اتاشی جنرل فضہ نیازی نے اپنے عہدے کے ساتھ ساتھ بطور اعزازی قونصل جنرل کا عہدہ بھی سنبھالا ۔ انھوں نے یہ کام بہت خوش اسلوبی سے نبھایا جس کے لئے وہ مبارک کی مستحق ہیں۔ گو کہ طارق وزیر کی تقرری اس سال فروری سے ہوچکی تھی مگر کرونا وائرس کی وجہ سے فلایٹس کی منسوخی کی وجہ سے نہ آسکے۔
قونصل جنرل نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی فرصت میں مانچسٹر کی صحافی برادری سے زوم میٹنگ کی۔ جو کہ بہت کارآمد ثابت ہوئی ۔ قونصل جنرل نے اپنی مختصر تقریر کے بعد تمام صحافی خواتین و حضرات سے فردا فردا گفتگو کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ مانچسٹر کی پاکستانی کمیونٹی کو جن بھی مشکلات کا گزشتہ دور میں سامنا رہا وہ ان کو ہر ممکن دور کرنے کی کوشش کریں گے اور اپنے عملے کو خصوصی ٹریننگ دلائیں گے کہ کمیونٹی کے ساتھ ان کا رویہ کس طرح بہتر کیا جا سکتا ہے۔ میٹنگ کے آخر میں علامہ عظیم جی نے خصوصی طور پر چینل 44 کے بیورو چیف وسیم چوہدری کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی۔
قونصل جنرل کے ساتھ ساتھ نئے آنے والے اکاؤنٹنٹ نے بھی اپنا عہدہ سنبھال لیا ۔ اردو گلوبل نیٹ ورک کی طرف سے ہم قونصل جنرل اور اکاؤنٹنٹ کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔
زوم میٹنگ میں علامہ عظیم جی , عارف پندھیر،مصطفی مغل، شکیل قمر، صابرہ ناہید ، مقدسہ بانو، محبوب بٹ، تاثیراحمد، اور دیگر نے شرکت کی۔