مانچسٹر(غلام حسین کی رپورٹ)
مانچسٹر: چوہدری انور یعقوب، صدر جہلم فورم مانچسٹر برانچ، نے 16 فروری 2025 کو جہلم فورم کے دفتر میں بریگیڈیئر افتخار اور ان کے بھتیجے شاہ جہاں کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ دیا۔
بریگیڈیئر افتخار، جو جہلم فورم کے رکن ہیں، نہ صرف فورم کی کارکردگی کو قریب سے دیکھتے ہیں بلکہ وہ خبیب فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر پاکستان اور بیرون ملک فلاحی سرگرمیوں میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں خبیب فاؤنڈیشن یتیموں اور بے سہارا افراد کی فلاح و بہبود کے لیے شاندار خدمات سرانجام دے رہی ہے، جس کا دائرہ ہر میدان میں پھیل چکا ہے۔
عشائیے کے دوران، بریگیڈیئر افتخار نے اپنی فاؤنڈیشن کے منصوبوں اور تجربات کو جہلم فورم کے ساتھ شیئر کیا، جس سے فورم کے اراکین بے حد متاثر ہوئے اور خبیب فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر فلاحی کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
بریگیڈیئر افتخار اور شاہ جہاں نے بھی جہلم فورم کی خدمات کو سراہا اور فورم کے مزید فروغ کے لیے اپنے تجربات اور تجاویز پیش کیں۔
یہ ملاقات نہایت خوشگوار، برادرانہ اور تعمیری رہی، جس میں مستقبل میں باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بریگیڈیئر افتخار کا مانچسٹر میں جہلم فورم کے دفتر کا دورہ فورم کے لیے ایک اعزاز تھا۔