پاکستانی نژادامریکی ماہرِ فلکیات کو کلیہ سائنس کی ڈین مقرر کیا گیا ہے

Spread the love

کیمبرج(عارف چودھری )پاکستانی نژاد امریکی ماہرِ فلکیات نرگس ماول والا کو دنیا کے ممتاز سائنسی ادارے میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹٰی) میں کلیہ سائنس کی ڈین مقرر کیا گیا ہے جو بلاشبہ نرگس اور پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

نرگس کرٹس اینڈ کیتھلین ماربل پروفیسر برائے فلکی طبیعیات ہیں اور وہ لیزر انٹرفیرومیٹرگریوٹیشنل ویو آبزرویٹری ( لائگو) سے وابستہ رہیں اور اس گروپ کو ثقلی امواج کی دریافت پر نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا۔ نرگس اس سال یکم سمتبرکو بحیثٰیت ڈین اپنے فرائض سنبھالیں گی۔ اس سے قبل وہ 2015 سے شعبہ طبیعیات کی معاون سربراہ بھی ہیں۔

اس موقع پر ایم آئی ٹی کے سربراہ رافیل رائف نے نرگس کی مدح میں کہا کہ وہ جس معیار کی محقق اور معلم ہیں وہ ان کی شخصیت میں خود بولتا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نرگس میں وہ تمام اوصاف موجود ہیں جو انہیں ایک رہنما اور ڈین بناتے ہیں۔ نرگس مسائل حل کرنے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ نرگس کی صورت میں اسکول آف سائنس بہت ذمے دار ہاتھوں میں رہے گا۔

ایم آئی ٹی کے خط میں نرگس کے لئے شاندار الفاظ استعمال کئے گئے ہیں کہ ان میں تجسس بھرا ہوا ہے جو دوسروں میں تیزی سے منتقل ہوتا ہے، وہ بہت منکسرالمزاج ہیں اور عملی عقلی صلاحیت سے مالامال ہیں۔ اس خبر پر نرگس نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ اس وقت ہمیں بہت سی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ ہمیں عالمی وبا اور معاشی مشکلات بھی درپیش ہیں۔ لیکن دوسری جانب امریکا میں سماجی اور نسلی انصاف کی مضبوط روایت موجود ہے جس کی بدولت اب ہم ایک دیرینہ اور مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ شعبہ طبیعیات سے وابستگی کےدوران انہوں نے پانچ سال میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پی ایچ ڈی کی ضروریات اور امتحانات کو آسان اور قابلِ لچک بنایا ہے۔ دوسری جانب علم کے فروغ کے لئے انہوں نے آن لائن پلیٹ فارم کی تشکیل کی ہے۔ اس کے علاوہ اساتذہ اور طالبعلموں کو قریب لانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

نرگس ماولوالا 2002 سے میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ سے وابستہ ہیں تاہم انہیں عالمی شہرت کشش ثقل کی لہروں کا پتہ لگانے کے لیے ایک پروٹو ٹائپ لیزر انٹرفرومیٹر بنانے کے بعد ملی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں