لندن (عارف چودھری) برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کے ساتھ دستاویزی فلمیں اور شوز بنانے کا معاہدہ کرلیا، رپورٹ کےمطابق شاہی جوڑا نیٹ فلیکس کے لیے مختلف موضوعات پر دستاویزی فلمیں اور ویب سیریز بھی پروڈیوس کرے گا اور اس معاہدے سے شاہی جوڑے کو 5 سے 10 کروڑ ڈالرز ملیں گے۔
شاہی جوڑے نے رواں برس 9 مارچ کو باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد کیلی فورنیا میں رہائش اختیار کر لی تھی۔ 2 ستمبر کو نیٹ فلیکس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل ان کے لیے فلمیں، شوز اور ویب سیریز پروڈیوس کریں گے۔
بیان کے مطابق نیٹ فلیکس اور شاہی جوڑے کے درمیان متعدد منصوبے پروڈیوس کرنے کا کئی سال کا معاہدہ طے پا گیا ہے، تاہم بیان میں معاہدے کی مدت اور دیگر شرائط نہیں بتائی گئیں۔ جوڑے کا زیادہ فوکس خواتین، بچوں، نیچر، جانوروں اور ماحول سے متعلق مواد پر دستاویزی فلمیں، ڈرامے اور شوز بنانے پر رہے گا۔