جہلم نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے 2 گھروں میں چوری کی وارداتیں

Spread the love

جہلم(عمیراحمدراجہ +مرزاقدیر بیگ)جہلم نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے 2 گھروں میں چوری کی وارداتیں، شہر سے شہری کی گاڑی چوری کر لی گئی،نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے فول پروف سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے، بڑھتی ہوئی چوریاں شہری عدم تحفظ کا شکار،نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے دباؤ پر محکمہ پولیس کے افسران نے کالا گجراں پولیس چوکی کو چوری کے متاثرین کی درخواست پر عملدرآمد کرنے سے بھی روک دیا، تفصیلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں ہر 24 گھنٹوں کے دوران چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے، متاثرین کے مقدمات درج کرنے کی بجائے طفل تسلیاں دیکر متاثرین کو واپس لوٹا دیا جاتا ہے اور اعلی حکام کو سب اچھا کی رپورٹس پیش کر دی جاتی ہیں،جبکہ دوسرے واقعہ میں تھانہ سٹی کے علاقہ مشین محلہ سے دن دیہاڑے مارکیٹ کے باہر کھڑی شہری کی گاڑی کو نامعلوم چور چوری کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اس کے علاوہ جی ٹی روڈ پر واقع نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں ایک ہفتے کے دوران 2 مختلف گھروں میں چوری کی وارداتیں ہوئی ہیں چور تالے توڑ کر گھروں سے لاکھوں روپے کے طلائی زیورات قیمتی اشیاء اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، متعلقہ پولیس چوکی کالا گجراں متاثرین کی تحریری درخواست پر کارروائی کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے، اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ہاوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے پولیس کے اعلی افسران کے ذریعے کالاگجراں پولیس کو کارروائی کرنے سے روک رکھا ہے نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں چوریوں کی وارداتوں نے رہائشیوں کیلئے قائم کی گئی فول پروف سکیورٹی کے دعوؤں کی قلی کھول دی ہے جہلم شہر اور گردونواح میں پچھلے 2 ماہ کے دوران ہر 24 گھنٹوں کے دوران چوری ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں ہو چکی ہیں حالانکہ لاکھوں روپے کی لاگت سے شہرکو سیف سٹی بنانے کی غرض سے سی سی ٹی وی کیمرے شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت چوک چوراہوں میں نصب کئے گئے ہیں جس کی نگرانی کے لئے ڈی پی او دفتر جہلم میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیاہے۔ لیکن لاکھوں روپے کے اخراجات کے باوجود چوروں نے پولیس کی حکمت عملی کو خاک میں ملا دیا ہے۔ موقف جاننے کے لئے پی آر او چوہدری عمران سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں ہونے والی چوری کی وارداتوں کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور فنگر پرنٹس کے لئے نادرا سے رابطہ قائم کر لیا گیا ہے، انشاء اللہ بہت جلد ملزمان کو گرفتا کر لیا جائیگا۔ جبکہ مشین محلہ سے چوری ہونے والی گاڑی کے حوالے سے انہوں نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ مشین محلہ نمبر 3 کے رہائشی شہزاد اسلم ولد محمد اسلم کی جو گاڑی چوری ہوئی ہے تھانہ سٹی کے سب انسپکٹر محمد ساجد بٹ کارروائی کر رہے ہیں اور گاڑی چوری کے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں