پولیس پوری رات بے گناہ نوجوان پر وحشیانہ تشدد کرتی رہی،

Spread the love

جہلم(عامرکیانی +چوہدری محمد ریاض گوندل)جہلم تھانہ سٹی میں بے بنیاد مقدمات کا اندراج نہ رک سکا، ایک اور غریب نوجوان پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ درج، پولیس پوری رات بے گناہ نوجوان پر وحشیانہ تشدد کرتی رہی، نوجوان کے ناک منہ سے خون بہتا رہا، غریب نوجوان اللہ اور اللہ کے رسول کے واسطے دیتا رہا، پولیس نے ایک نہ سنی،تفصیلات کے مطابق محلہ سلیمان پارس کی رہائشی خاتون نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا ثمر ریاض ولد راجہ محمد ریاض گزشتہ رات موٹر سائیکل پر سوار ہوکر جا رہا تھا کہ اس کی موٹر سائیکل ایلیٹ فورس کی گاڑی کے ساتھ ٹکرائی جس پر ایلیٹ فورس کی پولیس نے میرے بیٹے کو قابو کر لیا اور تھانہ سٹی لے گئے، ہمارا تنازعہ پولیس کے سب انسپکٹر راجہ مشتاق کے ساتھ چل رہاہے، جس پر سب انسپکٹر راجہ مشتاق تھانہ سٹی میں گیا اور اپنی موجودگی میں میرے بچے پر وحشیانہ تشدد کرواتا رہا، تشددسے میرے بچے کے ناک، منہ سے خون بہنے لگا، میرا بیٹا پوری رات پولیس والوں کی منت سماجت کرتا رہا کہ میں نہ تو منشیات فروش ہوں اور نہ ہی میرا کوئی ایسا جرم ہے، ثمر ریاض کی والدہ نے کہا کہ اصل حقائق کچھ اور ہیں، راجہ مشتاق نے جس وجہ سے میرے بیٹے پر جھوٹا مقدمہ درج کروایا ہے، وہ اہل علاقہ اچھی طرح جانتے ہیں، موقف جاننے کے لئے ایس ایچ او تھانہ سٹی سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ملزمان پر 90 کی دہائی سے قبل تشدد کیا جاتا تھا اب کوئی پولیس آفیسر کسی ملزم پر تشدد نہیں کرتا، اگر ثمر ریاض پر تشدد ہوا ہے تو اس کے ورثاء کے چاہیے کہ عدالت سے رجوع کرکے میڈیکل کروا لیں سب کچھ سامنے آجائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں