جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہرو ملحقہ علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہر و گردونواح کے علاقے جن میں، بلال ٹاؤن، پروفیسر کالونی، آفیسر کالونی، مشین محلہ، محمدی چوک، شمالی محلہ، بورڈنگ محلہ، جادہ، کالا گجراں،محمود آباد سمیت دیگر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کی شکایات معمول بن چکی ہیں، شہریو ں کا کہنا ہے کہ گیس پریشر میں کمی سے روز مرہ کی ہانڈی روٹی اور کھانا پکانا ناممکن ہو چکا ہے، گیس کی کمی کے باعث ہمیں تندوروں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ کافی دنوں سے گیس کے کم پریشر کا مسئلہ درپیش ہے تاہم اس ضمن میں محکمہ سوئی نادرن گیس پائپ لائن دفتر کے حکام نوٹس نہیں لے رہے، شہریوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گیس کے خطرناک حد تک کم پریشر سے نجات کے لئے شہریوں نے گیس کمپریسر ز کا استعمال بھی شروع کر رکھا ہے، جس کیوجہ سے دیگر صارفین گیس کے زیرو پریشر کا شکار ہو رہے ہیں، شہریوں نے محکمہ سوئی گیس کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں گیس پریشر کو بحال کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہری سوئی گیس کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
