راوی کیمپس سمیت4بڑے ترقیاتی منصوبو ں کی باضابطہ منظوری

Spread the love

بہ تسلیمات ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال ڈویژن14دسمبر 2020

ساہیوال ( آ صف ندیم )ساہیوا ل ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈویژنل پبلک سکول کے نئے راوی کیمپس سمیت4بڑے ترقیاتی منصوبو ں کی باضابطہ منظوری دیدی ہے جن پر اخراجات کا کل تخمینہ 13کروڑ85لاکھ روپے لگایا گیاہے جو ٹرسٹ اپنے وسائل سے مہیا کرے گا -نئے راوی کیمپس کی تعمیر 2سال میں مکمل ہو گی اور 2023ء کے تعلیمی سال سے نئے کیمپس میں کلاسز کااجراء کر دیا جائے گا – منصوبوں کی یہ منظوری بورڈ کے خصوصی اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال اورچیئر مین ٹرسٹ نادر چٹھہ نے کی -اجلاس میں پرنسپل ڈویژنل پبلک سکول بریگیڈیئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عابد عنایت شیخ،پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس اور بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان، چوہدری سلطان محمود،شیخ محمد یونس(ستارہ امتیاز)اور سید افتخارحسین شاہ نے بھی شرکت کی-منظور کئے گئے منصوبوں میں نئے راوی کیمپس کے بوائز سکول بلاک پراخراجات کا تخمینہ 13کروڑ85لاکھ60ہزار روپے، موجودہ گرلز سکول میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر پر 1کروڑ4لاکھ 55ہزار روپے،ڈی پی ایس چیچہ وطنی گرلز سیکشن کے فرسٹ فلور کی تعمیر پر 2کروڑ21لاکھ66ہزار روپے اور نئے راوی کیمپس کی چاردیواری کی تعمیر پر 68لاکھ روپے خرچ ہونگے -شفاف ٹینڈرنگ کے بعد ٹرسٹ کو کل تخمینہ میں 9.52فیصد بچت ہوئی ھے-کمشنر ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ نے سکول کے تعلیمی معیار کو سراہتے ہوئے بورڈ ممبران کو او اور اے لیول کلاسز کے اجراء کے امکانات کا جائزہ لینے کے بھی ہدایت کی جس سے والدین کا ایک دیرینہ مطالبہ بھی پورا کیا جا سکے گا -انہو ں نے سکول میں طلبا و طالبات کے لئے جدید سوئمنگ پول کی تعمیر کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبا و طالبات کی معیاری تربیت کے لئے ضروری ہے کہ انہیں نصابی،ہم نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں یکساں شریک کیا جائے -بورڈ کے مطالبے پر کمشنر نادر چٹھہ نے ڈی پی ایس چیچہ وطنی کی توسیع کے لئے مزید زمین کی فراہمی کا وعدہ کیا اور شہر سے نزدیک اراضی کی نشاندہی کے لئے ایک کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی -اجلاس میں بورڈ ممبر شیخ محمد یونس کی طرف سے سکول میں طلبا و طالبات کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 3واٹر فلٹریشن پلانٹس فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا -کمشنر نادر چٹھہ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تا کہ کام کا اعلی معیار برقرار رکھا جا سکے اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں