بہ تسلیمات ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال ڈویژن 26جون 2020
ساہیوال ( آصف ندیم ) ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ٹائیگر فورس ضلع بھر میں مختلف سروسز کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ضلع میں رجسٹرڈ 15 ہزار میں سے ساڑھے 5 ہزار ٹائیگرز مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ٹائیگر فورس کے ضلعی و تحصیل فوکل پرسنز سے ملاقات کے دوران کہی۔اجلاس میں ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر میجر(ر) مظہر شیرازی سمیت متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے ٹائیگرفورس کی اب تک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نوجوان رضا کار وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق مختلف سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے ۔اجلاس میں ٹائیگر فورس کی خدمات کے بہتر استعمال اور عام آدمی تک فورس کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے میڈیا مہم شروع کرنے اور یونین کونسل لیول تک عوام سے براہ راست رابطے بہتر کرنے پر غور کیا گیا ۔ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر میجر (ر) مظہر شیرازی نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ نوجوان انتظامیہ کے دست و بازو ہیں اور جہاں ان کی خدمات طلب کی جائیں گی وہاں رضاکار فوری طور پر پہنچ کر انتظامیہ کی مدد کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات میں ٹائیگر فورس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ٹائیگر فورس کے نوجوان عام آدمی کو ماسک پہننے کی ترغیب دیں اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کی تربیت دیں تا کہ اس مہلک وبا کا ملک سے جلد خاتمہ ممکن ہو سکے ۔