انٹر نیشنل ریسکیو چیلنج 2024پاکستان ریسکیو ٹیم 1122گوجرانوالہ نے جیت لیا

Spread the love

وزیرآباد(نا مہ نگار)انٹر نیشنل ریسکیو چیلنج 2024پاکستان ریسکیو ٹیم 1122گوجرانوالہ نے جیت لیا۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو1122) ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی زیر نگرانی پہلابین الاقوامی ریسکیو چیلنج 2024 ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اینڈ ہیڈکوارٹرز (ریسکیو 1122) لاہور میں منعقد ہوا۔ ریسکیو چیلنج میں میں پاکستان ریسکیو ٹیم (ریسکیو1122گوجرانوالہ)، چین، برطانیہ، جنوبی کوریا، ملائیشیا، فلپائن، نیپال، تھائی لینڈ اور پاکستان آرمی یوایس ایس آر کی ٹیموں نے حصہ لیا۔بین الاقوامی ریسکیو چیلنج میں اونچائی سے ریسکیو چیلنج، ڈیپ ویل ریسکیو چیلنج، محدود جگہ سے نکالنے کا چیلنج، ٹراما چیلنج اور فائر فٹنس چیلنج کے مقابلے کروائے گئے جس میں پاکستان ریسکیو ٹیم (ریسکیو1122گوجرانوالہ) چیمپیئن بن کر ابھری جبکہ فلپائن کی ریسکیو ٹیم نے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان نے صوبائی وزیرپنجاب برائے ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق،سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور امریکی قونصل جنرل کے ہمراہ انٹرنیشنل ریسکیو چیلنج 2024 کی چیمپیئن اور رنراپ ٹیموں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مختلف انفرادی چیلنجز میں بہترین کارکردگی دکھانے پر دیگر ٹیموں کی بھی تعریف کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے چیمپئن ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کو انسانیت سے لگن کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے ملائیشیا، چین، کوریا، فلپائن، تھائی لینڈ، برطانیہ، نیپال اور پاکستان کی ٹیموں کی شرکت کو بھی سراہا۔ سپیکر نے پنجاب بھر میں بے شمار جانیں بچانے پر ریسکیو 1122 کی تعریف کی اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کو ہزاروں ریسکیو اہلکاروں کی تربیت کے لیے امید کی کرن قرار دیا۔حکومت پنجاب کی جانب سے صوبائی وزیر پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بین الاقوامی ریسکیو ٹیموں، اقوام متحدہ انسراگ سیکرٹریٹ کے نمائندوں اور اقوام متحدہ کی دیگر ایجنسیوں کے پاکستان میں منعقدہ انٹرنیشنل ریسکیو چیلنج میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔انٹرنیشنل ریسکیو چیلنج-2024 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی اور ایمرجنسی سروسز کے آغاز سے لے کر UN-INSARAG سرٹیفیکیشن حاصل کرنے اور ترکیہ زلزلہ پہ ریسپانس کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا انٹرنیشنل ریسکیو چیلنج کا مقصد ایمرجنسی سروسز کی صلاحیتوں کو نکھارنا اوربین الاقو امی روابط کو بہتر کرنا ہے۔بعد ازاں ریسکیو ٹیم کا گوجرانوالہ واپس پہنچنے پر سنٹرل ریسکیو اسٹیشن پر شاندار استقبال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں