وزیرآباد(نا مہ نگار) صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخار احمد بٹ اورزونل امیر جماعت اسلامی صابر حسین بٹ نے کہا ہے کہ 27اکتوبر یوم سیاہ وہ دن ہے جس دن کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کیا اور 9لاکھ سے زائد فوجیں مقبوضہ کشمیر میں تعینات کردیں،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جو کشمیری عوام پچھلے 70 سال سے جاری رکھی ہوئی ہے، کشمیری مسلمانوں کو حق رائے دہی دئیے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور کرفیو لگا کر کشمیری مسلمانوں کو تہہ تیغ کیا جا رہا ہے،بھارتی ناجائز قبضہ کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیر کو آزاد کروا کر ہی دم لیں گے،بھارتی تسلط کو ختم کرنے کے لئے ہم سب کو متحد ہونا ہو گا، بھارتی فوج نے کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر کے کشمیریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے،پاکستان اورعالم اسلا م اپنا کرداراداکریں۔ اقوام متحدہ کوکشمیرمیں ہونے والے ظلم وستم نظرکیوں نہیں آتے، عالمی طاقتوں نے کشمیری مسلمانوں اورپوری دنیامیں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے خون سے چشم پو شیاں اختیارکرکھی ہے،کشمیری مسلمانوں کا خون کھبی بھی رائیگاں نہیں جائے گااور ایک نہ ایک دن کشمیر آزاد ہو گا اور پاکستان کا حصہ بنے گا کشمیری سکھ کا سانس لیں گے۔(فوٹو ہمراہ ہے)
