وزیرآباد(نامہ نگار) مکان ہتھیانے کیلئے بھائی اپنے حقیقی بھائی اور اس کی فیملی کی جان کا دشمن بن گیا، کلہاڑی کے وار کر کے بھابھی کو شدید زخمی کر دیا، خون میں لت پت خاتون کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا، واقعہ کی بابت اندراج مقدمہ کیلئے مقامی پولیس تھانہ گکھڑ منڈی میں درخواست گزار دی گئی، متاثرہ افراد کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد کے نواحی گاؤں چک دادن کی رہائشی فرزانہ بی بی نے اپنے خاوند نصیر احمد کے ہمراہ میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم غریب لوگ ہیں محنت مزدوری کرکے اپنا گزر بسر کر رہے ہیں۔ گاؤں میں ہی ایک 5 مرلہ کا مکان میری ملکیت ہے جس میں ہم رہائش پذیر ہیں، خدا ترسی کرتے ہوئے میں نے اپنے دیور وزیرعلی اور اسکی بیوی فصیلت بی بی جوکہ میری سگی بہن بھی ہے، کو عارضی طور پر سکونت اختیار کرنے کیلئے ایک کمرہ دیا جو کہ اب ہمارا مکان ہتھیانے کے درپے آگئے ہیں اور ہمارے ہی مکان سے ہمیں نکلنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ چار روز قبل یکم نومبر صبح چھ بجے معمولی تلخ کلامی ہوئی تو ملزم وزیرعلی نے اپنی بیوی کے ہمراہ طیش میں آکر میرے سر پر کلہاڑی کا وار کرکے مجھے شدید زخمی کر دیا، جوکہ سر میں 16 ٹانکے لگے، متاثرین نے بتایا کہ مذکوران ہماری جان کے دشمن بن گئے ہیں، زبردستی اور غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکان پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو کہ ہمارے ساتھ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے، متاثرین نے بتایا کہ واقعہ رونماء ہوئے 4 روز گزر گئے ہیں لیکن پولیس نے ابھی تک ہماری کوئی داد رسی نہ کی ہے، جس وجہ سے ہمیں جان کا خطرہ لاحق ہے۔ ہماری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف فراہم کرنے کی استدعا ہے۔
