پنجاب حکومت کی طرف سے گندم کے کاشتکاروں کے لئے انعامات کی بارش،

Spread the love

ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف)پنجاب حکومت کی طرف سے گندم کے کاشتکاروں کے لئے انعامات کی بارش،ساڑھے 12ایکڑ سے 25ایکڑ تک ملکیتی رقبے پر گندم کاشت کرنے والوں کے لئے ایک ہزار لیزر لینڈ لیولر اور 25ایکڑ سے زائد ملکیتی رقبے پرگندم کاشت کرنے والوں میں ایک ہزار مفت گرین ٹریکٹر تقسیم کئے جائیں گے۔ یہ بات ڈائریکٹر زراعت ساہیوال چوہدری شہباز اختر نے کمشنر آفس میں گندم آگاؤ مہم کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزا ز اسلم مارتھ، ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر جاوید سمیت کراپ رپوٹنگ، اریگیشن اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اوکاڑہ اور پاک پتن کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 26 نومبر تک8لاکھ5ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کاشت کی جا چکی ہے جبکہ ڈویژن کے لئے ہدف 9لاکھ20ہزار ایکڑ ہے اس طرح 88فی صد ہدف حاصل کیا جا چکا ہے۔کمشنر شعیب اقبال سید نے گندم کی بوائی کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کی فوڈ سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے لئے صوبائی حکومت کسانوں کو ہر ممکن سہولیات یقینی بنا رہی ہے جس میں معیاری بیج، کھاد، زرعی ادویات اور نہری پانی کی مسلسل فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف نے کسانوں سے قریبی رابطہ رکھ کر اور فارمرز میٹنگ کے مسلسل انعقاد سے کسانوں کو گندم کاشت کی ترغیب دی جو لائق تحسین ہے۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ گندم بوائی کے باقی دنوں میں اسی جذبے سے کام کریں اور کسانوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھ کر گندم اگائی میں درپیش مشکلات کو فوری حل کریں تاکہ بوائی کا ہدف باآسانی حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کے لئے شروع کی گئی سکیموں بارے زیادہ سے زیادہ آگہی دی جائے اور اس سلسلہ میں تمام مین شاہراہوں پر پینافلیکسز آویزاں کی جائیں۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے مزید بتایا کہ اب تک ضلع ساہیوال کے3لاکھ6ہزار ایکڑ ہدف کے مقابلے میں 2لاکھ66ہزار سے زائد ایکڑ پر گندم کاشت کی جا چکی ہے جبکہ ضلع اوکاڑہ کے ہدف3لاکھ65ہزار ایکڑ کے مقابلے میں 3لاکھ19ہزار ایکڑ اور ضلع پاک پتن کے ہدف 2لاکھ49ہزار کے مقابلے میں 2لاکھ19ہزار ایکڑ پر گندم کاشت ہو چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں