جب بھی پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے تو یہ شرپسند سڑکوں پر آجاتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات
راولپنڈی(نمائندہ نازش جبین)و فاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ڈی چوک پر احتجاج میں شریک تمام شرپسندوں کا اسپیڈی ٹرائل کیا جائے گا۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کرتے ہیں، ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی، ڈی چوک پر احتجاج میں شریک تمام شرپسندوں کا ’اسپیڈی ٹرائل‘ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے لاشوں سے متعلق پرانی وڈیوز، تصاویر سوشل میڈیا پر چلا رہے ہیں ،آپ کے لوگ اے کے 47 سے فائرنگ کرتے رہے، آپ نے وہ تو پوسٹ نہیں کیا، 2019 میں پی ٹی آئی کے اپنے دور حکومت کے دوران مظاہرین پر تشدد کی فوٹیج شیئرز کی گئیں، اور ان کو حالیہ احتجاج سے جوڑا گیا، یہ لوگ غزہ پر اسرائیلی مظالم کی فوٹیج چلا رہے ہیں،پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا بازار گرم کر رکھا ہے۔عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پہلے کہا گیا کہ اسنائپر نے فائرنگ کی، پھر کہا گیا کہ سیدھی گولی لگی، اور لاشوں کی تعداد مسلسل بدل رہی ہے ، ہماری فورسز کے پاس اسلحہ نہیں تھا، پمز اور پولی کلنیک اسپتال کا بیان ہے کہ انہیں کوئی لاش موصول نہیں ہوئی ،بشریٰ بی بی کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اگر لاشیں گریں تھیں تو دکھائی کیوں نہیں جاتیں؟ پی ٹی آئی ابھی تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکی۔ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے آپ کو موقع سے بھاگتے ہوئے دیکھا ہے، علی امین گنڈاپور 2 مرتبہ احتجاج سے فرار ہوئے ہیں، تمام ٹی وی چینلز نے ان کو بھاگتے ہوئے دکھایا ہے، پی ٹی آئی میں اقتدار کی جنگ چل رہی ہے، ایک علیمہ گروپ ہے اور ایک بشریٰ بی بی گروپ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ احتجاج کے بعد بشریٰ بی بی کسی اجلاس میں نہیں آئیں، لگتا ہے بشریٰ بی بی کو وزیراعلیٰ کے پی ہاؤس سے نکال دیا جائے گا، فورسز پر حملوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں گے تاکہ آئندہ کوئی احتجاج کے لیے نکلے تو اسے پتا ہو کہ فورسز پر حملے کے نتائج کیا ہوتے ہیں،ان کا ملک دشمن ایجنڈا سامنے آ چکا۔وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت ترقی کے راستے پر گامزن ہے، مہنگائی 32 فیصد سے کم ہوکر 6.6 فیصد ہوگئی، اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ کی حد عبور کر گئی، حکومت سستی بجلی کے پیکیج دینا شروع ہوچکی، پاکستان میں 7 ماہ کے دوران کئی غیر ملکی وفود نے دورہ کیا ہے، جب بھی پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے تو یہ شرپسند سڑکوں پر آجاتے ہیں۔