جہلم(اختر شاہ عارف) ضلع جہلم کے نواحی گاؤں “مونن” میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام آج سالانہ تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا۔جس میں اس ادارے سے تربیتی کورس مکمل کرنے والی طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔اس پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی راجہ سجاد اختر صدر ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ ضلع جہلم تھے۔دیگر شرکاء میں سیدہ شاہدہ شاہ ایگزیکٹو ممبر بورڈ آف مینجمنٹ تحصیل جہلم،قاسم حسین سینئیر پلیسمنٹ آفیسر،انجم نازنین پرنسپل سکول ہذا اور سید اختر علی شاہ کے علاوہ سکول ہذا کی طالبات کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعد ازاں حمد باری تعالیٰ اورہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا گیا۔صدر تقریب راجہ سجاد اختر اور سیدہ شاہدہ شاہ نے تربیت پانے والی اور زیر تربیت طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔کہ حکومت پنجاب کا یہ انتہائی احسن اقدام ہے۔کہ اس نے خواتین کو ہنر مند بنانے اورخود کفیل بنانے کے لیئے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ جیسے جیسے ادارے کا انعقاد کیا ہے۔خواتین ایسے تربیتی اداروں سے تربیت حاصل کر کے نا صرف اپنے خاندان کی کفالت بہ احسن و خوبی کر سکتی ہیں۔ بلکہ معاشرے میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کر سکتی ہیں۔سکول کی پرنسپل انجم نازنین نے مہمانانِ گرامی کو بتایا کہ عنقریب اس ادارے میں ڈریس میکنگ کے ساتھ ساتھ بیوٹیشن کورس اور کمپیوٹر کورسز کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔صدر تقریب راجہ سجاد اختر،سیدہ شاہدہ شاہ اور قاسم حسین نے اس سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔
پروگرام کے اختتام پر پرنسپل انجم نازنین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔کہ انہوں نے تربیت یافتہ طالبات میں اسناد کی تقسیم کے لیئے وقت نکالا۔اس کے بعد یہ پروگرام اختتام پذیر ہو گیا ۔
