گلگت(پ ر) AC / ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت لیفٹنٹ (ر) محمد اویس عباسی نے کہا کہ سب ڈویژن گلگت میں3 ہزار کنال اراضی کے انتقالات کو ضلعی سطح پرو سیع پیمانے پر چھان بین کے دوران غیر قانونی ثابت ہونے پر منسوخ کیا گیا ہے جوکہ ایک اہم پیش رفت ہے یہ اہم اقدام چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر گلگت کے احکامات کے تحت اٹھایا گیا۔ اراضی ریکارڈ میں ممکنہ جعلی سازی کے خلاف جلد کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا ئے گا تاکہ عوامی شکایات کی صورت میں اراضی ریکارڈ کی درستگی ممکن ہوسکے۔ عوامی ملکیتی زمینوں کے ریکارڈ میں ردوبدل کرنے کی کسی کو اجازت نہیں اورنہ ہی غیرقانونی حرکت پر کسی کو معاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات پر ریکارڈ میں جعلی سازی کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر اور اسکی ٹیموں نے وسیع پیمانے پر 6 ہفتے 53000 انتقالات کی مسلسل جانچ پڑتال کی گئی جسکی روشنی میں 17 موضع جات کے 336 غیر قانونی انتقالات کی نشاندہی کی گئی، جسکی تفصیل گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر صاحب نے میڈیا کیلئے جاری کردی ہے تحصیل آفس کے جانب سے نشاندہی کی گئی غیر قانونی انتقالات کی منسوخی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو تحریری طور پر سفارش کی گئی جس پر کلکٹر نے بلاتفریق منسوخی کے احکامات دیے۔ علاوہ ازیں، غیر قانونی معاملات میں ملوث سرکاری عملے اور نجی افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اور مقدمات متعلقہ فورمز پر زیر کارروائی ہیں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ عوام سے درخواست کرتی ہے کہ وہ زمینوں کے ریکارڈ کی درستگی میں متعلقہ ریونیو افسران اور ٹیموں کی مدد کریں۔ اگرچہ ریکارڈ کی جانچ متعدد بار کی جا چکی ہے، لیکن ریکارڈ کے وسیع حجم کی وجہ سے کچھ کیسز کی نشاندہی نہ ہونے کا امکان ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ضلع سطح پر کھلی کچہریوں کے انعقاد کیا جارہا ہے، جہاں عوامی شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی فرد کو غیر قانونی انتقال یا ریکارڈ میں ردوبدل کے حوالے سے شکایت ہو، تو وہ اسسٹنٹ کمشنر آفس گلگت الفا کنٹرول روم میں درخواست جمع کروا سکتا ہے۔ تمام شکایات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور قانونی طریقہ کار کے تحت جلد از جلد فیصلہ کیا جائے گا ا۔ اسسٹنٹ کمشنر گلگت نے کہا کہ اگلے ہفتے اسسٹنٹ کمشنر آفس گلگت میں ریونیو معاملات سے متعلق کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ تمام متعلقہ افراد سے درخواست ہے کہ وہ اپنی معلومات فراہم کریں اور اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔عوام کے زمین کے حقوق کا تحفظ ضلع انتظامیہ گلگت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام انتظامی افسران و عملہ پر عزم ہیں۔
