وزیرآباد(نا مہ نگار)نوجوان نسل کوبے راہ روی اورنشہ جیسی لعنت سے بچا نے کے لئے کھیلوں کافروغ بہت ضروری ہے۔کھیل کودسے جسمانی فٹنس کے ساتھ ساتھ ذہنی نشوونماکوفروغ اوراستحکام حاصل ہوتا ہے،کھیل کے میدان آباد کرنے سے ہسپتال ویران ہوجاتے ہیں، کھیل معاشرتی فلاح وبہبودکے ضامن ہیں کھیلوں کی سرگرمیاں طلباء کے تعمیرکردارشخصیت میں روح رواں کاکرداراداکرتی ہے کھیل طلباء کی ذہنی تشکیل نوکافریضہ اداکرتے ہیں انہیں امن، برداشت،تعاون اوررواداری کادرس دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد محمد رب نواز چدھڑ اور پرنسپل میم سحرش سلیم نے قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول میں پرائمری لیول کے سالانہ سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انچارج محمد بلال،صفدر،فرید احمد سمیت طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ جوتعلیمی ادارے اپنے طالب علموں کوکھیل کودکے مواقع فراہم کرتے ہیں وہ بہترین رزلٹ دیتے ہیں،کھیلوں کے فروغ سے نوجوان نسل کوبے راہ روی سے بچایا جاسکتا ہے۔تعلیمی قابلیت بڑھانے کے لئے طالبعلم کاچا ق وچوبندہونا ضروری ہے۔غیر نصابی سرگرمیوں سے معاشرہ میں امن قائم اورطلبہ کی ذہنی نشوونماہوگی۔
