وزیرآباد(نامہ نگار) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع وزیرآباد کا ایک سیمنار زیر صدارت صدر ڈاکٹر سرجن محمد جمال ناصر نجی ہال میں منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر میڈیکل سپیشلسٹ و سیکرٹری جنرل نعمان رفیع راجپوت ڈاکٹر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر چار میں سے ایک شخص شوگر کا مریض بن چکا ہے۔ پاکستان اس وقت شوگر کے لحاظ سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق آنے والے چند سالوں میں بہت تیزی سے شوگر کے مریضوں میں اضافہ متوقع ہے جسکے بعد ہر دو میں سے ایک فرد اس جان لیوا مرض کا شکار ہوجائیگا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ وقت سے پہلے اس مرض سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں۔ سادہ خوراک، سلاد، روزانہ ورزش اور چہل قدمی کی عادت اپنائی جائے تو اس بیماری کے لاحق ہونے کے خطرات بہت کم رہ جاتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد جمال ناصر نے کہا کہ مکمل پرہیز اورچہل قدمی اور ورزش سے ہی اس مرض کے خلاف جنگ کی جاسکتی ہے۔
