ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)ضلع ساہیوال میں وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرتقسیم مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس سلسلہ میں ضلع کونسل ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبران صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک، ملک قاسم ندیم، نوید اسلم خان لودھی، رانا ریاض، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر رانا اونگزیب،ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید اور کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز کی تقسیم وزیر اعلیٰ پنجاب کا کاشتکاروں کے لئے اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کوبذریعہ قرعہ اندازی گرین ٹریکٹرز کی فراہمی سے 10 لاکھ روپے فی کس سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمین داروں کی خوشحالی کے لئے وزیراعلیٰ کی گراں قدر خدمات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنی ذمہ داری ادا کردی اب کاشتکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹریکٹرز کا بہترین استعمال کریں اور ملکی ترقی او رخوشحالی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری ضروریات کے ساتھ ساتھ ملکی ضروریات کو بھی نظر میں رکھیں اور زیادہ سے زیادہ گندم اگائیں جس کی ملک کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کاشتکاروں کی فلاح و بہود کے لئے تاریخی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ڈائریکٹر زراعت اور ان کی ٹیم کو ٹریکٹرز کی ڈاکومنٹیشن کے کام کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ ضلع بھر میں گرین ٹریکٹر مہم کے تحت 26391کسانوں کی آن لائین رجسٹریشن کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ بذریعہ قرعہ اندازی 228 خوش نصیب کسانوں کاشتکاروں میں گرین ٹریکٹرز تقسیم کئے جائیں گے جن میں سے 223 خوش نصیبوں کو آلات منٹ لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں اور 201ٹریکٹرز کی بکنگ بھی کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع بھر کے کسانوں کو گرین ٹریکٹر مہم کے تحت 22 کروڑ 88 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گرین ٹریکٹر مہم کے دوران شفافیت اور میرٹ کو خصوصی طور پر ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے کسان کارڈ، اضافی پیداوار کے لیے مفت ٹریکٹرز اور لینڈ لیزر لیولر کی فراہمی کے منصوبے بھی شروع کیے گئے ہیں۔اس موقع پر کامیاب ہونے والے کاشتکاروں میں وزیر اعلیٰ گرین ٹریکٹر مہم کے تحت کسانوں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کی گئیں۔
