وزیرآباد(ملک ظہیر اعوان) سنی اتحاد کونسل کے ڈویژنل صدر الحاج سرفراز احمد تارڑ نے عامر چیمہ شہید کے دربار ساروکی چیمہ میں عظمت اصحاب بدر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانثاران مصطفٰے نے میدان بدر میں جرآت مندانہ جہاد کرکے کامیابی کے جھنڈے گاڑے،تحفظ ناموس رسالت ہماری ریڈلائن ہے اس کیلئے سب کچھ قربان کر دیں گے۔جسکی صدارت صاحبزادہ پیر مفتی محمد عثمان افضل قادری نے کی۔اس موقع پر الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی،قاری رفیع الرحمان قادری،صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی،پیرسید شفقت حیدر شاہ بخاری،یاسر محمود مدنی،عمیر رضا قادری،چوہدری شہزاد اللہ چیمہ،راو ساجد محمود،حاجی محمد ارشد خاں،حاجی ضیاء اللہ چیمہ،چوہدری رضوان اللہ چیمہ،حاجی محمد ریاض مغل راجہ افتخار اختر اور دیگر نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت پر جان نچھاور کرنیوالوں کا نام تاقیامت زندہ چمکتا رہے گا۔اصحاب بدر قیامت تک آنیوالی نسل انسانی کیلئے رشد و ہدایت کے مینارہ نور ہیں۔غزوہ بدر ہمیں اللہ و رسول پر مکمل یقین اور ناموس رسالت پر مر مٹنے کا درس دیتا ہے،شہداء بدر کی قربانیاں باطل قوتوں کے خلاف صف بندی کا بہترین نمونہ اور مزاحمت و استقامت کا پیغام ہیں۔اسلام تاریخ میں جتنی فتوحات ہوئیں سب غزوہ بدر کی فتح کی مرہون منت ہیں،غزوہ بدر نے ثابت کیا کہ کامیابی حق پر مبنی فکر سے ہوتی ہے،میدان بدر میں صحابہ کرام نے غلبہ حق کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کر دیں اور بے سروسامانی کے باوجود باطل کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں
مزید پڑھیں
